
آئی ایم ایف کی شرائط سے ملک و قوم خوشحال ہونے کی بجاے مزید معاشی بدحال ہوں گے۔
حکمران طبقہ عوام کو قربانی کا بکر ا بنانے کی بجائے اپنا شاہانہ پروٹوکول اور سرکاری مراعات کم کرے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی میڈیا سے گفتگو
لاہور ( خبرنگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مزید قرض ملک و قوم کو گروی رکھنے کے مترادف ہوگا۔ آئی ایم ایف کی ظالمانہ اور عوام دشمن شرائط سے ملک و قوم خوشحال ہونے کی بجائے مزید معاشی بدحال ہوں گے۔حکمران ماضی کے تجربات سے سبق لینے کی بجائے مزید بڑے قرض کیلئے ایم ایف کی چوکھٹ پر پہنچ چکے ہیں اور بھیک مانگ رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی گذشتہ ادوار میں سولہ ماہ کی کارکردگی نے جو عوام کا مہنگائی کے ذریعے خون نچوڑا ہے قوم آج تک اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ ہوشربا مہنگائی نے عوام کا جیناا ور مرنا مشکل بنادیا ہے۔ حکمران طبقہ عوام کو قربانی کا بکر ا بنانے کی بجائے اپنا شاہانہ پروٹوکول اور سرکاری مراعات ختم کرے اگر مکمل ختم نہیں کرسکتا تو کم ازکم ان میں کمی کرے تاکہ ملکی خزانے پر اربوں روپے کا بوجھ تو کم ہو اور عوام کو ریلیف میسر ہو۔ ضیاء الدین انصاری نے میڈیا کے نمائندے کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ کچھ حکومتی وزیر وں اور مشیروں کی جانب سے محض ڈرامہ کیا جارہا ہے کہ ہم تنخواہ نہیں لیں گے۔ اگر یہ سیاستدان واقعی ہی ملک و قوم کے حقیقی خیر خواہ ہیں تو وہ اپنی تنخواہ کیساتھ باقی سرکاری مراعات، پروٹوکول بھی چھوڑ دیں تاکہ ملک و قوم کی صیح معنوں میں خدمت ہوسکے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف تقاریب میں میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہاکہ رمضان المبارک میں ریلیف کی بجائے کمرتوڑ مہنگائی اورگراں فروشی و منافع خوری بحیثیت مسلمان انسانیت کی تذلیل ہے۔ حکومت ریلیف کے دعوے صرف بیانات اور میڈیا تک محدود ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے
برعکس ہیں۔