
ایل سی کھلوانے اور وینڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کی زیرِ صدارت ادویات کی قلت کے سلسلہ میں قائم پنجاب کابینہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس محکمہ سیپشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب ادویات اور قلت کے عوامل پر تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کوئی قلت نہیں، قلت کی صورت میں دوسرے ہسپتالوں سے ادویات منگواکر ضرورت پوری کریں گے۔ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا کہ ادویات کی قلت دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ایل سی کا وقت پر نہ کھلنا اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث ادویات کی درآمد میں دشواری پیدا ہوئی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ایل سی کھلوانے اور وینڈرز کے تحفظات دور کرنے کے لئے ڈریپ کے ذریعے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ دوائیوں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیں گے، جعلی ادویات تیار کرنے پر چھاپے مارے جائیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ ایکٹ 2018 کے تحت ادویات و طبی آلات کی سنٹرل پروکیورمنٹ کے لئے پنجاب سیف میڈیسن سپلائی اتھارٹی قائم کی جائیگی جس کی منظوری کے لئے سمری وزیراعلی پنجاب کو بھیجی جارہی ہے۔ میڈیسن سپلائی اتھارٹی کے قیام کے بعد تمام ادویات اور آلات خریدنے کی ذمہ داری اس اتھارٹی کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لائف سیونگ ڈرگز اور سٹینٹس وافر مقدار میں سرکاری ہسپتالوں میں موجود ہیں۔کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت محمد واجد، سپیشل سیکرٹری خزانہ محمد ارقم، ایم ڈی پیپرا وقار عظیم، ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول ڈاکٹر قلندر خان اور چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی نے شرکت کی جبکہ ملتان، راولپنڈی اور لاہور انسٹیٹیوٹس آف کارڈیالوجی کے سربراہان ، سی ای او ڈریپ، پروفیسر عبدالوحید، پروفیسر زبیر اکرم کی بزریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے ہیپاٹائیٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام کا جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر یداللہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہیپاٹائیٹس کنٹرول پروگرام کے نتائج اور کارکردگی کے سلسلہ میں دوبارہ سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کی مشاورت سے مدارس کے طلباء کی ہیپاٹائیٹس سیکریننگ کی جائے گی۔لاہور پریس کلب میں بھی صحافیوں کے لئے ہیپاٹائیٹس سکریننگ کیمپ لگایا جائے گا۔ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا کہ ہیپاٹائیٹس کنٹرول پروگرام کے فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے، فنڈز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے جائیں گے۔اس سلسلہ میں ہیپاٹائیٹس کی
ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا اگلے ہفتے اجلاس بلایا جائے گا۔
اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سہیل ارشد رانا اور ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول ڈاکٹر یداللہ نے شرکت کی۔

