
ملتان(خبر نگار) ویمن یونیورسٹی ملتان میں دو کروڑ70لاکھ روپے کی لاگت سے ڈے کیئر سنٹر کی تعمیر مکمل ہوگئی ، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے سنٹر کا افتتاح کیا ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈے کیئر سنٹر کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جس کی افتتاحی تقریب کچہری کیمپس میں منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں افتتاحی تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد بھٹہ نے بتایا کہ ہائرایجوکیشن کے پراجیکٹ ’’بلڈنگ ویمن یونیورسٹی ‘‘کے تحت اس ڈے کیئر سنٹر کی تعمیر کی گئی ہے اس پراجیکٹ میں دو ڈے کیئر سنٹر قائم کئے جانے تھے جس میں ایک کی تعمیر مکمل ہوگئی جس پر دو کروڑ70لاکھ روپے لاگت آئی ہے جبکہ دوسرا ڈے کیئر سنٹر متی تل کیمپس میں تعمیر کیا جائے گا ڈے کیئر سنٹر کی بلڈنگ 7ہزار سکوائر فٹ پر تعمیر کی گئی ہے جس میں تین بڑے ہال بنائے گئے جن کے ساتھ تین کچن ، تین ٹوائلٹ بلاکس تعمیر کئےگئے ہیں جبکہ ڈے کیئر میں بچوں کے لئے سافٹ ٹوائز کا بھی بندوبست کیاگیا ہے اس سنٹر کی تعمیر سے یونیورسٹی کی اساتذہ اور ملازمین کو بڑی سہولت میسر آئے گی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ڈے کیئر جیسی سہولت مہیا کرنے کا مقصد ورکنگ ویمن کو ڈیوٹی کے فرائض دل جمعی سے سرانجام دینے کا موقع فراہم کرنا ہے سنٹرسے خواتین اساتذہ اور ملازمین کو بچوں کی دیکھ بھال میں سہولت ملے گی ۔ ڈے کیئر سینٹر کی تعمیر خواتین ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پایہ تکمیل تک پہنچا، انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعاون کے ساتھ مستقبل میں بھی خواتین ملازمین کے لیے بہترین اقدامات کیے جاتے رہیں گےانہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد بھٹہ کی ڈے کیئر منصوبے میں دلچسپی کو سراہا جس سے منصوبے کی فوری تکمیل میں مدد ملی، انہوں نے کہا کہ ہر چیز میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے، لہذا ڈے کیئر سینٹر کو بھی ملازمین کی تجویز کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنایا جائے گا اس پراجیکٹ کی تعمیراتی کام منظور اینڈ کمپنی نے مکمل کیا ہے اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر میمونہ خان، خزانچی ریحان قادر اور تمام شعبہ جات کی چیئرپرسنز بھی موجود تھیں ۔