
پولیس شہریوں کو سڑکوں پر ان کے تحفظ کیلئے نظر آنی چاہئےتمام افسران و جوان تھانو ں اور ناکوں پر شہریوں سے عزت واحترام سے پیش آئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران
لاہور(خبر نگار، کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنزلاہور محمد فیصل کامران کی زیر صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کرائم کنٹرول جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز، 84تھانوں کے ایس ایچ اوز ودیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کرائم کنٹرول، عید الاضحی، اور محرم الحرام کے سکیورٹی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہر میں کوئی بھی شاہراہ نو گو ایریا نہیں ہونی چاہئے، شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز کی نشاندہ کر دی گئی ہے، موثر پٹرونگ سے کرائم کنٹرول کریں۔پولیس شہریوں کو سڑکوں پر ان کے تحفظ کیلئے نظر آنی چاہئے۔ تمام افسران و جوان کرائم گراف نیچے لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ عید الا ضحی اور محرم الحرام کے سکیورٹی اقدامات میں کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔مویشی منڈیوں کے گرد پی آر یو اور ڈولفن سکواڈ مسلسل گشت ہونی چاہئے۔سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار منڈیوں میں نوسر بازوں پر بھی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و اہلکارمحکمہ پولیس کے وقار اور نیک نامی کا باعث بنیں۔ کرپشن، اختیارات سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔تخفیف جرم اور،جھوٹا مقدمہ درج کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔15کال پر فوری رسپانس کیا جائے، ایس ڈی پی اوز ایس ایچ اوز خود موقع پر پہنچیں۔ایف آر کے ایس او پیز کو فاسٹ ٹریک پر لائیں، مقدمات کا ایس او پیز کے مطابق اندراج یقینی بنائیں۔تھانوں میں موجود ملزمان پر تشدد اور غیر قانونی حراست کسی صورت برداشت نہیں کی جائے، ایس ایچ او ذمہ دار ہو گا۔ تھانوں میں کارِ خاص قابل قبول نہیں، متعلقہ آفیسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہر لاہور کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے جاری آپریشن کومزید تیز کیا جائے۔پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بالا امتیاز کاروائی کی جائے۔ ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش،قبضہ مافیا، قحبہ خانوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔قمار بازی میں ملوث بڑے مگر مچھوں کو قانوں کی گرفت میں لایا جائے۔محمد فیصل کامران نے ایس ایچ او کو عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے دوپہر تین سے شام پانچ بجے تک تھانوں میں موجود رہنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں SIPSپروٹول کا خیال رکھا جائے، تمام افسران و جوان تھانو ں اور ناکوں پر شہریوں سے عزت واحترام سے پیش آئیں