
سپیکر ملک محمد احمد خان کا پنجاب یونیورسٹی میں خطبہ حجتہ الوداع انسانی حقوق کا عالمی منشور کے حوالے سے سیمینار میں خطاب۔
لاہور۔ (خبر نگار) ہتک عزت کے قانون میں رحمت للعالمین اتھارٹی نے مجھے ایک مضبوط دلیل دی ہے۔ معاشرے سے بداخلاقی و بد لحاظی کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر ملک محمد احمد خان نے قومی رحمت للعالمین و خاتم النبیین ﷺ اتھارٹی کے زیراہتمام پنجاب یونیورسٹی میں خطبہ حجتہ الوداع انسانی حقوق کا عالمی منشور کے حوالے سے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں چیئرمین قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین ﷺ اتھارٹی پاکستان خورشید احمد ندیم، چیئرمین طہٰ قریشی فاؤنڈیشن طہٰ قریشی، ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بیش قیمت پہلووں میں سے ایک اہم پہلو غیر مسلموں سے حسن سلوک ہے۔ معاشرے کی ہر مشکل کا حل نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسواہ وحسنہ میں ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ خطبہ حجتہ الوداع انسانی حقوق کا ایک مکمل چارٹر ہے، اسکا ایک ایک لفظ آج بھی دلوں پر دستک دے رہا ہے۔ خطبہ حجۃ الوداع معاشی، معاشرتی، مالی اور وراثتی سمیت انسانی حقوق کے تمام پہلووں پر روشنی ڈالتا ہے۔ دین اور سنت رسول ﷺ سے دوری نے ہمارے اندر سے رواداری ختم کر دی ہے۔