
لاہور (خبر نگار)صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا۔ چندی گڑھ پریس کلب پنجاب، انڈیا کے سابق صدر اور سیکرٹری جنرل انڈین جرنلسٹس یونین بلندر سنگھ جموں کی قیادت میں بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ، رانا شہزاد اور سید بدر سعید وغیرہ نے معزز مہمانوں کو کلب میں خوش آمدید کہا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے اس موقع پر کہا کہ انہیں لاہور پریس کلب آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے جبکہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں بالخصوص سکھ کمیونٹی کو مکمل مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔ ہندوستان سے آنیوالے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور وہ اپنی مذہبی رسومات بغیر کسی رکاوٹ کے ادا کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو سہولتیں اقلیتوں کو پاکستان میں حاصل ہیں وہ بھارت میں مسلمانوں سمیت کسی بھی اقلیت کو نہیں ملتی۔ہم پاکستان میں خوشحال اور پر سکون زندگی گزار رہے ہیں۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ لاہور پریس کلب اور بھارت میں چندی گڑھ پریس کلب دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید استوار کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں ۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ اور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی جانب سے سکھ کمیونٹی کو روایتی تحائف پیش کیے گئے۔