
لاہور (خبر نگار، کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہدا کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے تاریخی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے ایک اور شہید جوان کے اہلخانہ کو ذاتی چھت فراہم کر د ی ہے،شہید کی اہلیہ، دو بیٹیاں اور 03 بیٹے ذاتی گھر میں زندگی گذاریں گے۔ ڈیرہ غازی خان کے جوان غلام حسن شہید کے اہل خانہ کو گلبرگ ہاؤسنگ سکیم ڈیرہ غازی خان میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔ تمام ضروریات زندگی سے آراستہ گھر کی مالیت ایک کروڑ 35 لاکھ روپے ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ شہید کانسٹیبل غلام حسن نے ایک سال قبل 09 جون کو اشتہاری مجرمان سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل غلام حسن کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید کانسٹیبل غلام حسن نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک ملزمان کا بہادری سے مقابلہ کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کانسٹیبل غلام حسن جیسے1600 سے زائد بہادر شہدا اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے۔