
لاہور (خبر نگار’ کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انکی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ملازمین کو درپیش مسائل کابروقت ازالہ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انکے ذاتی و محکمانہ امور سے متعلقہ مسائل کے ازالے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ملازمین سے ملاقات کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہیڈ کانسٹیبل باقر حسین کی محکمانہ پروموشن کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو کاروائی کی ہدایت کی،ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد رشید شہید کے بیٹے محمد حسیب کی گورنمنٹ کالج میں داخلے کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، ضلع گوجرانوالہ کے 12 کانسٹیبلان کی جانب سے پنجاب کانسٹیبلری میں تبادلے کا حکم منسوخ کرنے کی درخواست پرآئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔کانسٹیبل قدرت اللہ کے بیٹے محمد ثقلین کی فیملی کلیم پر بھرتی کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی کو ریلیف فراہم کا حکم دیا جبکہ ڈرائیور کانسٹیبل بابر حسین کی ضلع شیخوپورہ تبادلے کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ویلفیئر اور پیشہ وارانہ امور بارے دیگر درخواستوں پر ریلیف کے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں ملازمین کی پیش کردہ درخواستوں پر ریلیف فراہم کرکے رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔