سٹیکاروبار

ہانگ کانگ کے سرمایہ کار وں کی پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت آمد

اعلیٰ سطحی وفد نے باہمی سرمایہ کاری و تجارت کو بڑھانے اور اقتصادی تعلقات مستحکم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا
سی ای او پی بی آئی ٹی جلال حسن نے پنجاب کے اقتصادی زونز، سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی

لاہور (خبر نگار) پنجاب اور ہانگ کانگ کے درمیان سرمایہ کاری و تجارت کو بڑھانے اور باہمی اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے ”چین ہانگ کانگ انٹرنیشنل بزنس ایسوسی ایشن“ کے ایک اعلیٰ وفد نے صدر میکس دی کی سربراہی میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کا دورہ کیا۔ ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصل جنرل بلال احمد بٹ ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام ہونیوالی ”انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو“ میں شرکت کیلئے اس اعلیٰ سطحی وفد کو پاکستان لے کر آئے تھے جس کے بعد پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروباری برادری سے تعلقات استوار کرنے کے مقاصد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وہ ہانگ کانگ کے کاروباری وفد کو پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت لے کر آئے جہاں پی بی آئی ٹی کے سی ای او جلال حسن نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری اور تجارتی منظر نامے کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔ انہوں نے خاص طور پر پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور اس امر پربھی روشنی ڈالی کے ہانگ کانگ ایسی صنعتوں کو پنجاب کے صنعتی زونز میں منتقل کر سکتا ہے جن کیلئے بڑے پیمانے پر محنت کشوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے غیر ملکی وفد کو لاہور میں بنائے جانے والے اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے بارے میں بریفنگ دی اوریہ بھی بتایا کہ لاہور کو دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کیلئے یہاں ”سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ“اور ”راوی ریور فرنٹ سٹی“ جیسے بہترین منصوبوں کی بنیاد رکھی گئی ہے جن میں سرمایہ کاری مستقبل میں انتہائی منافع بخش ثابت ہو گی۔ سی ای او جلال حسن نے ہانگ کانگ سے آنیوالے مندوبین کے سامنے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، حلال گوشت کی برآمد اور سلک فارمنگ اور پیداوار کے شعبوں کو بھی اجاگر کیا۔اس موقع پر، چین ہانگ کانگ انٹرنیشنل بزنس ایسوسی ایشن کے صدر، مسٹر میکس دی، نے اپنے اراکین کے مضبوط نیٹ ورک کی جانب سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور پنجاب میں قائم ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ساتھ قریبی رابطے استوار کرنے کا عزم کیا اور کہا کہ وہ ہانگ کانگ اور پاکستانی کاروباری برادری کے درمیان بی ٹو بی سطح کے روابط قائم کروانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button