لاہور(خبر نگار)
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر راولپنڈی کے علاقے موہن پورہ میں پتنگ بازی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی بچی کے گھر گئے اور غمزدہ خاندان سے بچی کی حادثاتی موت پر اظہارافسوس کیا اور فاتحہ خوانی کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ آ ر پی او راولپنڈی سید خرم علی اور دیگر اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ پر پابندی کے باوجود قانون توڑنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا جائے گا۔ صوبائی وزیر جمال ناصر نےآ ر پی او کو
ملزمان کی نشاندھی کرکے جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے نظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ کیا اور
پتنگ بازی کے موقع پرہوائی فائرنگ میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی عیادت کی اور ہسپتال عملہ کی طرف سے دی جانے والی طبی سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے ہدایت کہ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قیمتی جانوں کو ضیاع سے بچایا جاسکے۔