محکمانہ تعمیر و ترقی کے لیے اوقاف اسٹیبلشمنٹ سرگرم عمل ہے,سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری
لاہور(سپیشل رپورٹر)سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف وسیم عباس، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو اور دیگر افسران کے ہمراہ ملتان روڈ پر اوقاف کی کمرشل اراضی کا موقع ملاحظہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ تعمیر و ترقی کے لیے اوقاف اسٹیبلشمنٹ سرگرم عمل ہے۔ سالہا سال سے التواء کا شکار کمرشل سکیموں کے اجراء کو عملی مرحلے میں داخل کردیا۔ اس سلسلے میں ملتان روڈ میں واقع مختلف وقف اراضیات اور کمرشل سکیموں کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کمرشل سکیموں اور پراجیکٹس کے لیے،زونل ناظم اوقاف کی سربراہی میں تشکیل شدہ کمیٹی، ایسے معاملات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات شعبہ اسٹیٹ میں بھیجے گی۔ جہاں ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف کی سرکردگی میں ہیڈ آفس کی اعلیٰ سطحی کمیٹی، اپنے جائزے کے ساتھ، معاملہ حتمی منظوری کے لیے چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف کو پیش کرے گا۔ اس ضمن میں وقف پراپرٹی ایڈ منسٹریشن رولز 2002کی شق 5 اور سپریم کورٹ کے فیصلے بمطابق 07 مارچ2019 ء کی روشنی میں برسوں سے التواء کا شکار، کمرشل سکیموں کی منظوری کا عمل شروع ہوگیاہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، ڈپٹی ڈائریکٹراسٹیٹ اوقاف عظیم حیات، ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون شاہد حمید ور ک،ایس ڈی اوقاف لاہور محمد زوہیب اور منیجر اوقاف حسن رضوان بھی ہمراہ تھے۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ وقف املاک کی حفاظت اوّلین ترجیح ہے، میرٹ اور شفافیت کو ہمہ وقت پیش نظر رکھا جائے گا۔ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے صوفیاء کے افکار و تعلیمات سے استفادہ ہوگا۔ انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے محراب و منبر کے ساتھ مکمل اشتراک عمل ہے۔