
قائد اعظم بزنس پارک میں ترقیاتی کام جنوری 2024ء تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ سیکرٹری کو بریفنگ
لاہور(خبر نگار)سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24ء کیلئے تشکیل دیئے گئے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کی۔ سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں محکمہ صنعت و تجارت کے ذیلی اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لے کر انہیں اپ ڈیٹ کریں اور ان سکیموں کو برآمدات، درآمدات کے متبادل او ر سکلز ڈویلپمنٹ سے ہم آہنگ کیا جائے۔محکمہ صنعت وتجارت کے اکنامک ونگ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایسی سکیموں کو ہی آگے بڑھائیں جس سے برآمدات میں اضافہ اور در آمدات کی متبادل مصنوعات تیار ہوں۔ سیکرٹری صنعت و تجارت نے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو پنجاب کی انڈسٹری میں مقامی سولر ٹیکنالوجی کوفروغ دینے کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔

بعد ازاں سیکرٹری صنعت وتجارت احسان بھٹہ نے قائد اعظم بزنس پارک شیخو پورہ کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سی ای او پیڈمک،نیسپاک اور این ٹی ڈی سی کے نمائندوں نے ترقیاتی کاموں بشمور گرڈ اسٹیشن، باؤنڈی وال،سیوریج لائن،نکاسی آب وغیرہ کے حوالے سے پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ سیکرٹری صنعت کو بتایا گیا کہ ترقیاتی کام جنوری 2024ء تک مکمل کر لیے جائیں گے۔سیکرٹری نے پیڈمک کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ معیاری کام کو یقینی بنایا جائے اور ترجیحا ت طے کر کے آگے بڑھا جائے۔



