پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈویلپمنٹ سیکٹر کے لیے بہترین رول ماڈل ہے۔ ایم ڈی پیف
لاہور (خبر نگار )ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشن)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) قراۃ العین میمن کی دعوت پرہیومن ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (ایچ ڈی ایف) کے CEOمحبوب الحق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیف صدر دفتر کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان فروغ تعلیم کے عمل میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔وفد نے اپنے دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن منظر جاوید علی کو ایچ ڈی ایف کے منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ ایم ڈی پیف نے ایچ ڈی ایف کی تعلیمی کاوشوں کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا ماڈل قابل تقلید منصوبہ ہے جس سے بے وسیلہ اور کم آمدنی والے طبقات کو اپنے بچے پڑھانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ فروغ تعلیم ہے اس حوالے سے غیر سرکاری فلاحی ادارے سو فیصد شرح خواندگی کے حصول میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایم ڈی پیف نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل ڈویلپمنٹ سیکٹر کے لیے بہترین ماڈ ل ہے۔
ملاقات کے دوران ایم ڈی پیف نے وفد کو پیف کے تعلیمی منصوبو ں فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکول پروگرام، ایجوکیشن واؤچر سکیم اور نیو سکول پروگرام کے بارے میں تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے تحت پیف ساڑھے سات ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں میں 27لاکھ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیف اپنے 43ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے پارٹنر سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کو اُن کے مضامین کے مطابق ٹریننگ بھی فراہم کرتا ہے۔ ایم ڈی پیف نے وفد کو روشن تھل پروجیکٹ، چولستان کمیونٹی سکول، پیف کے مانیٹرنگ نظام اور کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا۔
ملاقات کے دوران CEOہیومن ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (ایچ ڈی ایف) محبوب الحق نے تعلیمی میدان میں پیف کی افادیت کو سراہا اور پیف کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل بہترین ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں پیف تعلیم کی فراہمی کے لیے بہترین کردار ادا کر رہا ہے ا ور پیف کی بدولت مزید آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے میں مدد ملے گی۔
میٹنگ میں ایچ ڈی ایف سے جنرل منیجر پروگرام اینڈ پروجیکٹ ذوالفقار علی، ڈونرز لائزون منیجر عثمان شوکت اور ریجنل پروگرام منیجر محمد اکرام نے شرکت کی۔ پیف سے ڈائریکٹر (ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن) ڈاکٹر نعمان جمیل خان اور ڈائریکٹر (کوالٹی ایشورنس اینڈ امپروومنٹ)شفیق احمد میٹنگ میں شریک ہوئے۔