چھائوں فائونڈیشن اور کمشنر آفس لاہور ڈویږن کے درمیان پودے عطیہ کرنے کے حوالے سے ایم او یو کی تقریب گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور میں منعقد
لاہور(خبر نگار)
چھائوں فائونڈیشن اور کمشنر آفس لاہور ڈویږن کے درمیان پودے عطیہ کرنے کے حوالے سے ایم او یو کی تقریب گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر لاہور ڈویږن محمد علی رندھاوا ،چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن شہناز رئوف ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف ، ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو، اے سی رائیونڈ خرم حمید ، لائ آفیسر عمر حیات اور چھائوں فائونڈیشن کے اظہر مسعود نے شرکت کی ۔ تقریب میں کمشنر لاہور ڈویږن محمد علی رندھاوا اور چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن یونیورسٹی آف لاہور شہنا ز رئوف نے دستاویزات کا تبادلہ کیا ۔ اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے گفتگو کرتے ہوئے کہ چھائوں فائونڈیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو لاہور میں سموگ کے خاتمے کے لیے فرنٹ فٹ پر آئی ہے اور کمشنر آفس کو سالانہ 2لاکھ پودے مفت فراہم کرے گی ۔ کمشنر آفس پی ایچ اے کے ذریعے ان پودوں کو لاہور کے مختلف مقامات پر لگا کر ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کو کنٹرول کرنے کی طرف قدم بڑھائے گا ۔
اس احسن اقدام کے لیے چھائوں فائونڈیشن کے ساتھ یونیورسٹی آف لاہور کا بھی مشکو ر ہوں ۔کمشنر آفس پی ایچ اے کے ساتھ ملکر مختلف مقامات کا تعین کرے گا کہ جہاں لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے ۔ چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن یونیورسٹی آف لاہور شہناز رئوف نے گفتگوکر تے ہوئے کہا کہ ہم نے 2019سے چھائوں فائونڈیشن کے تحت مفت پودے تقسیم کرنے شروع کیے تھے ۔ آغاز میں ہمیں بہت دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔ اب ہم اپنی نرسری سے پودے مختلف اداروں کو عطیہ کررہے ہیں تاکہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔چیئر پرسن چھائوں فائونڈیشن شہناز روف کا مزیدکہنا تھا کہ ہم نے یونیورسٹی میں اپنا بائیو گیس پلانٹ بھی لگا رکھا ہے جس سے گیس ، کھاد اور بجلی حاصل کی جاتی ہے ۔ ہم پی ایچ اے کو پوددں کے ساتھ کھاد وغیرہ بھی فراہم کر سکتے ہیں ۔ پودے عطیہ کرنے کے بعد انکی پرورش اور دیکھ بھا ل کی ذمہ داری پی ایچ اے پر ہوگی۔مستقبل میں ہم پودوں کی تعداد 10لاکھ تک بڑھا سکتے ہیں۔اگلے اکتوبر تک ہم کمشنر لاہور ڈویږن کو 2لاکھ پودے فراہم کر دیں گے جو وہ پی ایچ اے کی مدد سے لاہور اور گردو نواح میں لگائیں گے ۔ہم لوکل پودے فراہم کریں گے جو آسانی سے نشو ونما کر سکیں ۔اس موقع پرڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو کا کہنا تھا کہ ہم سالانہ 80ہزار کے لگ بھگ پودے مختلف اداروں اور کمپنیو ں کی مدد سے لاہور میں لگاتے ہیں لیکن ہمیں یونیورسٹی آف لاہور کی چھائوں فائونڈیشن سے سالانہ 2لاکھ پودے مل جائیں گے تو اس سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کنٹرول کرنے میں بہت زیادہ مدد ملے گی ۔ یہ ایک صدقہ جاریہ ہے جو چھائوں فائونڈیشن کے حصہ میں آیا ہے ۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف نے کمشنر لاہور ڈویږن محمد علی رندھاو ا ،ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو اور اے سی رائیونڈ خرم حمید کا شکریہ ادا کیا اور انکے ہمراہ پودے لگائے ۔