کوئٹہ سبی شاہراہ پر کمبڑی پل کے مقام پر دھماکہ ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کو نشانہ بنایا گیا۔
بلوچستان کے ضلع بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش دھماکے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔
ایس پی بولان محمود نوتیزئی کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے ٹرک کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں۔
لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سبی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ اور سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کرکے واپس آرہے تھے کہ رستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ٹرک الٹ گیا اور اہلکار اس کے نیچے دب گئے۔