لاہور (خبر نگار)
فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (فپوآسا ) پنجاب کے صدر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد اظہر نعیم نے اپنے بیان میں تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اس وقت پنجاب کی بیشتر یونیورسٹیاں مستقل وائس چانسلرز کے چل رہی ہیں اور اعلی تعلیمی ادارے مزید تنزلی کی طرف جا رہے ہیں- حکومت پنجاب اور نوکر شاہی مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی نہ کر کے اپنے فرائض منصبی سے غفلت برت رہی ہیں اور ان تعلیمی اداروں کی بڑھتی ہوئی تباہی میں برابر کی شریک ہو رہی ہیں- انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تمام یونیورسٹیز میں فوری طور پر ایڈہاک ازم ختم کیا جائے اور مستقل وائس چانسلرز لگائے جائیں- اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کرنے والی سرچ کمیٹی کو بھی فالفور نوٹیفائی کیا جائے اور اس کمیٹی میں بیوروکریسی اور نوکر شاہی کے نمائندوں کی بجائے اعلی تعلیمی محققین اور سینئر اساتذہ کو شامل کیا جائے تا کہ میرٹ پر ان کی بھرتی ہو سکے- مزید یہ کہ وائس چانسلرز کی تعیناتی میں اساتذہ کو ترجیح دی جائے اور نوکر شاہی اور ریٹائرڈ جرنیلوں کو اس دوڑ سے دور رکھا جائے-