عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے یو ای ٹی میں سیمینار کا اہتمام
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی شرکت
خواتین کے کردار کے بغیر ترقی یافتہ پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، مقررین
لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر داکٹر سید منصور سرور سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اورخواتین طلباء سے خطاب کیا۔ سیمینار میں کامیاب خواتین نے اپنی اپنی فیلڈ میں اپنی کامیابی کی داستان سنائی جن میں پاکستان آرمی سے وابستہ کیپٹن کرن،جی ایم ایچ بی ایل ثوبیہ چغتائی،ڈائریکٹراورک ایل سی ڈبلیو یوڈاکٹر اقصیٰ شبیر،چیئرپرسن آرکیٹیچر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر منزہ،بانی سافٹ ویئر کمپنی ڈیزل انٹرنیشنل سارہ احمد،ایسو سی ایٹ پروفیسر الیکٹریکل انجینئرنگ دیپارٹمنٹ ڈاکٹر رابعہ نذیر،کنٹری مینیجر ہنسگروہے گروپ حفصٰہ آصف اور اسسٹنٹ مینیجر سفائیرفنشنگ ملزشامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی میدان میں عورت کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔ جہد مسلسل اور کوشش سے اپنا مقام بنانے والوں کیلئے زندگی کا ہر شعبہ ہر وقت تیار رہتا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کا کردار مسلمہ ہے اور ان کے بغیر ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور نے کلاؤڈنگ تقریر کی۔ انہوں نے سامعین کے ساتھ طلباء اور اساتذہ میں مردوں سے خواتین کے تناسب کے بارے میں یونیورسٹی کے اعدادوشمار اور طالبات کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دنیا کی پہلی خاتون نرس روفیدہ الاسلامیہ کی زندگی کے بارے میں بھی بات کی، جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحابی تھیں، جنہوں نے جنگ خندق کے دوران زخمی ہونے والے مسلمانوں کا علاج کیا اور بیماروں اور زخمیوں کے علاج کے لیے مسجد نبوی کے قریب خیمہ لگایا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانوں میں سووینئرز تقسیم کیے۔ جبکہ اختتامی تقریب میں ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد مفتی، ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شاہد رفیق اور ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل انجینیرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے خصوصی شرکت کی ۔انہوں نے سامعین پر زور دیا کہ وہ رول ماڈل مسلم خواتین کی زندگیوں کے بارے میں بھی پڑھیں.