دس میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سیٹوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی
بی ایس نرسنگ، الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور دیگر پروگرامز کا داخلہ شیڈول یو ایچ ایس خود جاری کریگی
پروفیسر الفرید ظفر میڈیسن، پروفیسر وحید الحمید ڈینٹسٹری، پروفیسر ثاقب محمود الائیڈ ہیلتھ کے بورڈ آف سٹڈیز کے سربراہ نامزد
لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی سنڈیکیٹ نے جمعرات کے روز دو نئے میڈیکل کالجوں، ایک ڈینٹل کالج اور 13نرسنگ کالجوں کے الحاق کی منظوری دیدی۔ مزید برآں دس میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سیٹوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔ سنڈیکیٹ کا 72واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تشکیل نو کے بعد یہ یو ایچ ایس کی سنڈیکیٹ کا پہلا اجلاس تھا۔ حاضر ارکان میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور پروفیسر ندیم حفیظ بٹ، پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور پروفیسر نورین اکمل، سابق ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زائد پرویز، پروفیسر آف گائناکالوجی ڈاکٹر مریم ملک، رجسٹرار یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم، پروفیسر آف مائیکروبیالوجی ڈاکٹر سدرہ سلیم، پروفیسر آف نرسنگ پروفیسر ثمینہ کوثر اور محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری شامل تھیں۔جبکہ پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر ارشد چیمہ، چیف ایڈیٹر بلوچستان ٹائم محمد حیدر امین اور محکمہ خزانہ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
سنڈیکیٹ نے الحاق کمیٹی رپورٹس کی بنیاد پر جن نئے میڈیکل کالجوں کے الحاق کی منظوری دی ان میں اختر سعید میڈیکل کالج راولپنڈی اور آر ایل کے یو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور شامل ہیں۔ بی ڈی ایس کی 50سیٹوں کیلئے نیازی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سرگودھا کے الحاق کی منظوری دی گئی۔ نرسنگ کالجز میں سے 11کالجز سرکاری جبکہ دو کا تعلق نجی شعبے سے ہے۔اجلاس میں ایم فل اور ماسٹرز ڈگری پروگرامز کا ٹائم فریم ایچ ای سی کی ریگولیشنز کے مطابق بنانے کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت آن کیمپس پوسٹ گریجویٹ پروگرامز مکمل کرنے کی مدت دو سال ہوگی۔ ان پروگرامز میں گزشتہ کئی سال سے پھنسے طلبہ کو ریسرچ ورک اور ڈگری مکمل کرنے کیلئے چند ماہ کا وقت دیاجائے گا اور اس کے بعد بھی ڈگری مکمل نہ کرنے والے طلبہ کا داخلہ ختم کردیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی آن کیمپس اور الحاق شدہ اداروں میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی ایس نرسنگ، الائیڈ ہیلتھ سائنسزاور دیگر پروگرامز کے داخلے کا شیڈول خود جاری کریگی اور کوئی ادارہ اس شیڈول سے ہٹ کر داخلے نہیں کرسکے گا۔ اجلاس میں میڈیکل رائیٹنگ اور جرنلزم میں دو سرٹیفیکٹ کرنے والے طلبہ کو ڈپلومہ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ تھیسس کی جانچ کے حوالے سے یونیورسٹی کی ریگولیشنز کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق بنانے کیلئے قواعد و ضوابط میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی جس کے تحت ماسٹرز ڈگری لیول پر مقالہ جات کی جانچ کیلئے غیر ملکی ممتحن کی شرط ختم ہوجائے گی۔ مزید برآں ایم بی بی ایس کے پریکٹیکل امتحانات کو سینٹرالائزڈ بنانے اور امتحانات کی مانیٹرنگ کیلئے سنسرز مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی میں بی ایس لیبارٹری سائنسز کا پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔ فیصلہ کیا گیا کہ بی ایس الائیڈ ہیلتھ میں انٹرنل ایگزامینیشن کا حصہ20فیصد جبکہ یونیورسٹی ایگزامینیشن کا حصہ 80فیصد ہوگا اور یہ پالیسی یونیورسٹی اور اس کے الحاق شدہ اداروں میں جاری پروگرامز پر یکساں طور پر لاگو ہوگی۔ اجلاس میں پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج لاہور پروفیسر الفرید ظفر کو بورڈ آف سٹڈیز میڈیسن کا سربراہ نامزد کیا گیا جبکہ بورڈ آف سٹیڈیز ڈینٹسٹری کیلئے ڈیمونٹ کالج آف ڈینٹسٹری لاہور کے پرنسپل پروفیسر وحید الحمید کو کنوینر نامزد کیا گیا۔ بورڈ آف سٹیڈیز کیلئے یو ایچ ایس کے سربراہ شعبہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر ثاقب محمود کو سربراہ نامزد کیا گیا۔