
نوجوان پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں
الیکشن شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، تمام ذمہ داران، کارکن اپنی سرگرمیاں انتخابی تیاریوں پر مرکوز کریں
امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کا اجلاس سے خطاب
لاہور (خبر نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے صوبائی دفتر منصورہ میں برادر تنظیمات کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ایک ہی دن انتخابات ہونے چاہییں تاکہ عوام میں پایا جانے والے شدید اضطراب کی کیفیت کا خاتمہ ہو سکے۔اس وقت سیاسی بحران اور عدم استحکام کی وجہ سے عوام کی مایوسی اور پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔جماعت اسلامی 22کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔کراچی کی طرح پورے پاکستان میں کامیابیاں حاصل کریں گے۔الیکشن شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، تمام ذمہ داران، کارکن اپنی سرگرمیاں انتخابی تیاریوں پر مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں۔ وہ ملکی سیاست میں اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کریں۔
اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ہم آئندہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ ٹکٹس نوجوانوں کو دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک غیر سرکاری سروے کے مطابق 62فیصد پاکستانیوں نے پی ڈی ایم اور 38فیصد نے پی ٹی آئی کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ جب تک یہی بہروپئے مختلف پارٹیوں کے پلیٹ فارم سے نئے نعروں اور جھوٹے دعووں کے ذریعے برسراقتدار آتے رہیں گے ملک و قوم کی حالت میں بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دنوں نے عوام کو گمراہ کیا ہے۔ سیاسی اعتبار سے باشعور افراد کو آگے بڑھنا ہو گا،بصورت دیگر ملکی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان 74برسوں سے جاگیر داروں، ووڈیروں اور سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر ہے۔ یہ تمام نا اہل اور کرپٹ عناصر ہیں انہوں نے ملک و قوم کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کی بجائے پستی کے اندھیروں میں دھکیل دیاہے۔بدحالی اور بد انتظامی کے ساتھ کرپشن اپنے عروج پر ہے اور اس وقت جماعت اسلامی ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز سے آسان نمبردآزما ہو سکتی ہے۔اب عوام کی امیدیں جماعت اسلامی کے ساتھ وابستہ ہیں