پاکستانتازہ ترینسیاست

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری؛ تحریک انصاف کا مختلف شہروں میں احتجاج

  تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لاہور میں ممکنہ گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا۔

منگل کو لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک پر پولیس کے چھاپے کیخلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک بھر میں شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں مختلف شہروں میں درجنوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی، راولپنڈی، گوجرانوالہ، اسلام آباد، پشاور سمیت مختلف شہروں میں شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹریفک بلاک کردیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں داؤد چورنگی، کیماڑی، لیاری، نیٹی جیٹی، حب ریور روڈ، بنارس پر احتجاج کیا گیا جس سے شام کے اوقات میں دفاتر سے گھروں کو لوٹنے والے شہری سڑکوں پر خوار ہوگئے۔

ضلع سینٹرل میں بورڈ آفس، 4 کے چورنگی، ضلع شرقی میں راشد منہاس روڈ، سہراب گوٹھ  اور ضلع ساؤتھ میں شاہین کمپلیکس، تین تلوار پر احتجاج کیا جارہا ہے۔

پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کیا بعد ازاں اسمبلی چوک کی طرف روانہ ہوگئے۔

عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس ایکشن کے خلاف مری میں سابق ایم این اے صداقت عباسی کی قیادت میں جی پی او چوک پر احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی مظاہرین نے ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہ بند کردی۔

احتجاج کے باعث راولپنڈی مری ایکسپریس ہائی وے سے آنے والی ٹریفک بلاک ہوگئی، مری جانے والے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بعد ازاں پولیس کے پہنچنے پر پی ٹی آئی کارکن کمیٹی چوک سے منتشر ہوگئے۔

پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کیلئے اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری فیض آباد پہنچ گئی، بکتر بند گاڑی بھی فیض آباد پہنچا دی گئی۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی، اگر مظاہرین نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی تو انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے اٹھال چوک بند کرکے مظاہرہ کیا تھا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سڑک عام ٹریفک کے لئے کھول دی ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی ایماء پر سڑک بند کرنے والے پی ٹی آئی رہنماوں حامد زمان کیانی، انیس عباسی، شیخ لیاقت اور کارکنوں کے خلاف تھانہ بھارہ کہو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ایماء پر سڑک بند کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں حامد زمان کیانی، انیس عباسی، شیخ لیاقت اور کارکنوں کے خلاف تھانہ بھارہ کہو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے کارکنوں کو احتجاج کیلئے گوندلانوالہ چوک پہنچنے کی ہدایت کردی۔ لکی مروت میں پی ٹی آئی کارکنان نے انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک پر بند کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button