چیف سیکرٹری نے احد چیمہ کے ہمراہ شہر میں آٹا پوئنٹس کا دورہ کیا، لوگوں کی شکایات کے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے
لاہور(خبر نگار)
چیف سیکرٹری پنجاب نے مشیر برائے وزیراعظم احد خان چیمہ کے ہمراہ پیر کے روز شہر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے قائم پوائنٹس کا دورہ کیا اور سمن آباد اور سبز ہ زار میں آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔
چیف سیکرٹری نے شہریوں کی شکایات سنیں اور انکے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوں نے حکم دیا کہ مفت آٹے کے حصول میں لوگوں کو درپیش مسائل فوری حل کئے جائیں اورتصدیق سے لیکر آٹے کی فراہمی تک کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تکنیکی مسائل کے حل کیلئے پی آئی ٹی بی کی ٹیموں کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت بھی کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی حکومت کا عوام دوست اقدام ہے، انتظامی افسران مستحق افراد تک انکا حق پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔