سٹی

مفت آٹے کی تقسیم کیلئے محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض

 آٹا پوائنٹس پر کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، ملازمت پیشہ افراد کی سہولت کیلئے شام کی شفٹ بھی شروع کی جائے۔ چیف سیکرٹری
 محکموں کو پیپرلیس ورکنگ شروع کرنے کے احکامات جاری، خصوصی بچوں کی تعلیم پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، اجلاس سے خطاب
لاہور(خبر نگار)
چیف سیکرٹری پنجاب نے رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی تقسیم کے سلسلے میں محکموں کے سیکرٹریز کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض کر دیئے۔
سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکموں کے سیکرٹریز اضلاع کے دورے کر کے رپورٹ باقاعدگی سے بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹے کی تقسیم حکومت کا بہت بڑا اقدام ہے اور مستحق افراد تک انکا حق پہنچانا انتظامی افسران کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رش کو مد نظر رکھتے ہوئے آٹا پوائنٹس پر کاؤنٹرز کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جائے اورملازمت پیشہ افراد کی سہولت کیلئے شام کی شفٹ بھی شروع کی جائے۔
تمام محکموں کو پیپرلیس ورکنگ شروع کرنے سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی اور گورننس میں بہتری کیلئے آئی ٹی کا استعمال نا گزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ای پروکیورمنٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہاہے۔
چیف سیکرٹری نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم اور تربیت پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، اضلاع میں ڈی پی ایس سکولز میں آٹزم میں مبتلا بچوں کیلئے خصوصی بلاکس تعمیر کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری نے محکموں کو زیر التواء پینشن کیسز اور انکوائریز جلد از جلد نمٹانے سے متعلق بھی احکامات جاری کئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب) اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button