سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کا ہربنس پورہ اور چائنا سکیم کے ماڈل بازاروں کا دورہ، مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا
ماڈل بازاروں میں سیکورٹی اور صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے، احسان بھٹہ
ماڈل بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں، سیکرٹری صنعت و تجارت
لاہور(خبر نگار)سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے ہربنس پورہ اور چائنہ سکیم کے ماڈل بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں قائم مفت آٹے کی تقسیم کے مراکز پر مفت آٹے کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا، انہوں نے ماڈل بازاروں میں صارفین سے دستیاب سہولیات اور مسائل کے بارے میں پوچھا۔ سیکرٹری صنعت و تجارت نے ماڈل بازار کے سہولت سٹالز کا بھی دورہ کیا جہاں پر کریانہ کی اشیاء بازار سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔ دورے کے دوران اے ڈی سی جنرل، پولیس، محکمہ صحت کے افسران اور ماڈل بازار کی انتظامیہ، سپروائزرز اور ریونیو حکام بھی موجود تھے۔
سیکرٹری نے ماڈل بازار میں سی سی ٹی وی کنٹرول روم، فائر فائٹنگ آلات، پبلک اناؤنسمنٹ سسٹم اور شکایت سیل کو بھی چیک کیا۔ سیکرٹری صنعت و تجارت نے ماڈل بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سخت حفاظتی انتظامات اور بازار کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ماڈل بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں جہاں سے روزانہ ہزاروں لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ اے ڈی سی جنرل لاہور اور دیگر سٹاف/منیجر ماڈل بازار کو ہدایت کی گئی کہ وہ سکیورٹی کو یقینی بنائیں، قطاروں کا مناسب انتظام، اعلانات اور عام لوگوں کی صحیح رہنمائی کریں.