لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کے ذہنی و جسمانی مختلف عارضوں کے شکار سپیشل بچوں کے علاج اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ”ہمارے پھول“ پراجیکٹ کے تحت ترجیحی اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے قوت سماعت سے محروم سپیشل بچوں کو محکمہ کی جانب سے جدید ترین آلاتِ سماعت فراہم کر دئیے گئے ہیں جبکہ بہترین معا لجین کے پاس ان بچوں کی آڈیو تھراپی بھی شروع کروادی گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے لاہور، نارووال سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پولیس، ٹریفک پولیس اور ڈولفن فورس ملازمین کے بچوں کو جدید ترین آلات سماعت فراہم کئے اور بچوں کو محبت، شفقت اور اپنائیت سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کیلئے جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ سماعت سے محروم بچوں کے علاج کے سلسلہ میں کوکلئیر پلانٹ خریدنے کیلئے ساڑھے 18لاکھ روپے فی بچہ منظور ہوچکا ہے جس سے ان بچوں کو بطور خاص فائدہ ہوگا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آج پنجاب پولیس کیلئے نہایت خوشی کا دن ہے کہ ملازمین کے سپیشل بچے سننے کے قابل ہوگئے ہیں، پولیس ملازمین کے یہ بچے نارمل انداز میں سُنیں گے اور اعلی تعلیم حاصل کرکے معاشرے کے کارآمد شہری بنیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ”ہمارے پھول“ پراجیکٹ کا جب آغاز ہوا تو صرف 4 بچے رجسٹرڈ تھے جن کی تعداد اب بڑھ کر 2100 ہوچکی ہے تاہم اگر کسی ملازم نے ابھی بھی اپنا بچہ رجسٹرڈ نہیں کروایا تو فوری آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر1787پرکال کرکے رجسٹریشن کروائیں تاکہ بچوں کے علاج میں فوری معاونت حاصل کرسکیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہمارے پھول پراجیکٹ ثابت کرے گا کہ مختلف عارضوں کے شکار یہ بچے صرف والدین کے نہیں بلکہ محکمے کے بچے ہیں۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی پر صوبہ بھر کے افسران و اہلکاروں کی نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے اسی سلسلے میں ڈاکٹر عثمان انور نے آج سنٹرل پولیس آفس میں فیصل آباد ریجن کے22افسران وا ہلکاروں میں تقریبا 9لاکھ روپے مالیت کے انعامات اور سی سی ون سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔تفصیلات کے مطابق پولیس کی چار ٹیموں نے ڈکیتی، راہزنی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزمان اور قاتلوں کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔ ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزمان کو گرفتار کرنے پر ایس پی اقبال ٹاؤن، فیصل آباد ارتضیٰ کمیل اورڈی ایس پی بٹالہ کالونی محمد طارق ملک کو تعریفی اسناد دی گئیں جبکہ ٹیم میں شامل سب انسپکٹر عبدالوہاب کو75ہزار، کانسٹیبلان حسنین احمد، طاہر سجاد، نصیر احمد اور علی رضا کو 35ہزارفی کس معہ تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔تھانہ ڈجکوٹ کے علاقے میں اغواء برائے تاوان کے ملزمان گرفتار کرنے پر ایس پی اقبال ٹاؤن فیصل آباد، ارتضیٰ کمیل، ایس پی صدر ڈویژن اظہر جاویداور ڈی ایس پی بلال منصور کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا جبکہ سب انسپکٹرحماد یوسف کو 75ہزار، اے ایس آئی محمد جاوید کو50ہزار، ہیڈ کانسٹیبل وقاص کو 40جبکہ کانسٹیبل یاسر کو35ہزار اور تعریفی اسناد دی گئیں۔15سالہ بچے کو اغواء کرکے قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار پر چنیوٹ پولیس کے افسران و اہلکاروں کو انعامات سے نوازا۔انسپکٹر طاہر خان کو ایک لاکھ، سب انسپکٹر ظفر اقبال کو 50ہزار، کانسٹیبلان محمد قاسم، مدد شاہ اور محمد نعیم کو35ہزارفی کس معہ تعریفی اسناد دی گئیں۔فیصل آباد میں خاتون کو اغواء کرکے ہلاک کرنے والے ملزمان گرفتار کرنے والی ٹیم کو بھی انعامات سے نوازا گیا،سب انسپکٹرز عاطف نواز اور اصغر علی کو75ہزارفی کس اور اے ایس آئی جاوید اقبال کو 50ہزا رمعہ تعریفی اسناد دی گئیں۔
آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران واہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ افسران و اہلکار شہریوں کی جان وما ل کے تحفظ کیلئے بھرپور محنت اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض ادا کرتے رہیں،محکمہ کی جانب سے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کے ذریعے حوصلہ افزائی کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ انعامات کی تقسیم کی میزبانی اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ نے کی۔