پنجاب محمد مسعود انور
سیکرٹری لائیوسٹاک کی زیر صدارت حلال گوشت کی برآمدات بارے اہم اجلاس
لاہور (خبر نگار سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب محمد مسعود انور کی زیر صدارت اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شعبہ لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک محمد مسعود انور کا کہنا تھا کہ شعبہ لائیوسٹاک کی ترقی کیلئے نئے منصوبہ جات شعبہ کی ضروریات کے عین مطابق مرتب کیے جائیں گے۔ انکا کہنا تھاکہ لائیوسٹاک مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ سے ملکی معیشت میں بہتری ممکن ہے۔ اس ضمن میں مشرق وسطیٰ ، وسطی ایشیائ، چین اور یورپی ممالک میں حلال گوشت کی برآمدات بارے حکمت عملی مرتب کی جائیگی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ لائیوسٹاک سے بہتر پیداوار کے حصول سے ہی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے لہذا لائیوسٹاک کو درپیش بیماریوں خصوصاً منہ کھر بیماری پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ منہ کھر کنٹرول سٹریٹجی مرتب کر کے جلد از جلد نافذالعمل کی جائے اور ایکشن پلان وفاقی حکومت سے بھی شیئر کیا جائے ۔سیکرٹری لائیوسٹاک کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ سسٹم میں استحکام کے لیے لائیوسٹاک اور پولٹری سیکٹر کا ڈیجیٹل ڈیٹا بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔انہوںنے پاکستان ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی کو حلال گوشت کی برآمدات میں اضافہ کے لیے خصوصی ٹاسک بھی سونپے اس ضمن میں سیکرٹری لائیوسٹاک کہا کہنا تھا کہ پیمکو تمام اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے گوشت کی برآمدات میں اضافہ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے۔نیز پنجاب لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ سمارٹ لائیوسٹاک فارمنگ سسٹم کے منصوبہ کے آغاز کے لیے اپنی سفارشات پیش کرے۔اجلاس میں ایڈیشنل و ڈپٹی سیکرٹریز ،ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹر پلاننگ اور پیمکو کے افسران نے بھی شرکت کی۔