ملک کی اقتصادی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو. ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈہ پر اظہار تشویش
لاہور (خبر نگار) سپریم کمانڈر دفاع پاکستان کونسل اور امیر اہلسنت مولانا احمد لدھیانوی نے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر انجمن شہریاں راولپنڈی شرجیل میر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی اقتصادی، سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ریاستی اداروں کے خلاف گمراہ کن پراپیگنڈہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈہ کو کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونا دیا جائے گا اور پوری قوم متحد ہو کر ایسے عناصر کا مقابلہ کرے گی اور انکے مذموم مقاصد کو خاک میں ملائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں اور اتحاد اور یگانگت کے ساتھ ہی تمام چیلنجوں کا سامنا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے کسی قوم کی بقا کی ضمانت ہوتے ہیں اور باشعور قوم ان پر کسی صورت بھی کوئی آنچ نہیں آنے دی گی۔
صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے اور عوام دوست اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور صوبہ کے دور دراز علاقوں میں بھی سرکاری علاج گاہوں کے اچانک دورے کئے جا رہے ہیں تاکہ انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
سپریم کمانڈر پاکستان دفاع کونسل اور امیر اہلسنت مولانا احمد لدھیانوی نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کو مبارکباد پیشں کی اور کہا کہ صحت کے شعبہ میں ڈسپلن سے مذید بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے قومی اتحاد ناگزیر ہے اور اپنے اختلافات کو بھول کر پوری قوم کے مستقبل کیلئے سب مل کر کوشش کرنے کہ ضرورت ہے۔