سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے وقف رقبہ تکیہ دِت شاہ موضع امیر پورہ رائیونڈ روڈ لاہورقرآن محل کا افتتاح کر دیا
لاہور(سپیشل رپورٹر)سیکرٹری/چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے وقف رقبہ تکیہ دِت شاہ موضع امیر پورہ رائیونڈ روڈ لاہور پر محکمہ اوقاف کی طرف سے تعمیر کیے گئے قرآن محل کا افتتاح کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ قرآنی افکار کی ترویج کے لیے حکومت مستعد ہے۔ قرآن کتاب انقلاب ہے، اس کے ساتھ مضبوط فکری تعلق ہی ترقی اور عروج کا ذریعہ ہے۔ اغلاط سے مبرا اورمعیاری قرآن پاک کی اشاعت حکومت کی اولین ترجیح ہے،جس کے لیے جملہ وسائل اور توانائی بروئے کار لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن کریم دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے، اس کے تراجم دنیا کی تمام زبانوں میں بکثرت دستیاب ہیں، جس سے ساری دنیا استفادہ کر رہی ہے۔انہوں نے قرآنی تعلیم کی لازمی ترویج اور اس کو نصاب کا حصہ بنانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت توجہ سے سننا خدائی حکم ہے،اس کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو،صوبائی خطباء اوقاف مولانا فتح محمد راشدی،مولانا مختار ندیم، ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون شاہد حمید ورک، زونل خطیب اوقاف لاہور مفتی کریم خان، ضلعی خطیب اوقاف مولانا مسعود الرحمن،ایس ڈی او لاہور زون رانا زوہیب محمود،منیجر زاوقاف حسن رضوان،شیخ محمد جمیل، ایڈ من آفیسر پنجاب قرآن بورڈ عمر دراز و دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف کی طرف سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈویژن کی سطح پر قرآن محل تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ موجودہ حکومت دینِ اسلام کی آفاقیت اور حقانیت پر پختہ اور قرآن کے دائمی پیغام پر کامل یقین رکھتی ہے اور ابلاغ کا بھی بھرپور اہتمام کیا جارہا ہے۔