دین و دنیاسٹی

تاریخی مزارات و مساجد کی تجدیدو تزئین کو یقینی بنایا جائے گا

لاہور(سپیشل رپورٹر)تاریخی مزارات و مساجد کی تجدیدو تزئین کو یقینی بنایا جائے گا۔ مذہبی تعمیراتی ورثہ کی حفاظت کے لیے محکمہ سرگرمِ عمل ہے۔ اِن خیالات کا اظہارسیکرٹری/ چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ایوان اوقاف میں "ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی "کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، چیف اوقاف پی اینڈ ڈی بورڈ مصدق خان وٹو، ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ پلاننگ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نجم الثاقب،نمائندہ محکمہ خزانہ پنجاب خضر حیات،ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ اوقاف چوہدری عبد الغفور، ایس ڈی او اوقاف لاہور زون رانا زوہیب محمودو دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر ؒ پاکپتن، دربار حضرت بہاؤالدین زکریا ؒ ملتان، دربار حضرت شاہ رکن عالم ؒ ملتان، دربار حضرت بی بی پاکدامنہؑ ملتان، دربار حضرت شاہ شمسؒ ملتان، دربار حضرت خواجہ غلام فرید ؒ کوٹ مٹھن، دربارحضرت میاں میرؒ ملتان،برکت علی اسلامیہ ہال لاہور، تعمیر لائبریریز بشمول تعمیر لائبریری بر دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒ قصورو لائبریری مرکزی معارف اولیاء دربار حضرت داتاگنج بخشؒ پر جاری 04 عدد سکیمز کے ترمیمی(پی سی۔I)مالیتی36 کروڑ 90 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری اوقاف نے مزید کہا کہ مزارات اور مساجد ہماری مقامی آبادی اور معاشرت کا ” نیوکلس” اور ایک موثر دینی اور معاشرتی ادارے کے طور پر معروف اور معتبر ہے۔ ان خانقاہوں کا وجود اپنے گردوپیش کے سیاسی، سماجی، دینی اور مذہبی ماحول کو بھر پور طریقے سے متاثر کرتا ہے۔ بالخصوص ” درگاہ ” برصغیر کے مسلم معاشرے کا واحد ادارہ ہے۔ جہاں چوبیس گھنٹے زائرین کی آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہتا، روحانی طمانیت اور تسکین کاسامان فراواں، اور پریشان حال، منتشر الخیال، عدم تحفظ اور محرومی کے بوجھ تلے دبے ہوئے انسان کو زندگی کی شاہراہ پر گامزن ہونے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button