نوٹسز مفت آٹا مراکز پر ڈیوٹی پر عدم موجودگی پر جاری کئے
لاہور(خبر نگار) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے موتی محل اور نصیر آباد میں قائم آٹا مراکز میں ڈیوٹی پر عدم موجودگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میڈکل سروسز اور دو ڈاکٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے ہیں اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ کسی سرکاری ڈیوٹی پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی عدم موجودگی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے اور اس حوالے سے زیرو ٹالیرینس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے راولپنڈی اور واہ کینٹ میں مختلف مفت آٹا مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ہر آٹا مرکز پر ہیلتھ ڈیسک قائم ہے جن پر ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہتا ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سرکاری علاج گاہوں کے اچانک دورے کر رہے ہیں اور اگر کوئی ڈاکٹر یا پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی پر نہ موجود ہوا تو سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی نگران پنجاب حکومت کی ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل اور بجٹ میں ڈسپلن اور کاکردگی میں بہتری لا کر صحت عامہ سہولیات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔