جرم و سزاسٹی

پنجاب پولیس کی کچہ آپریشن کے سلسلے میں بروقت کاروائیاں جاری ، اغواء برائے تاوان کے خطرناک مجرمان کوکانی گینگ کی کمین گاہ نذر آتش کر دی گئی

راجن پور پولیس کے آپریشن میں 4 ڈاکو ہلاک اور 8 سہولت کار گرفتار جبکہ رحیم یار خان پولیس کے آپریشن میں 3 ڈاکو ہلاک اور 6 گرفتار

اندروں کچہ بستی غنی لاٹھانی کا کنٹرول پولیس نے سنبھال لیا، ہزاروں ایکٹر علاقہ کچہ کریمنلز سے کلیئر کروا کے پولیس کیمپس قائم کر دئیے گئے ۔

لاہور (خبر نگار) پنجاب پولیس کا کچہ آپریشن کامیابی کے ساتھ آٹھویں دن میں داخل اغواء برائے تاوان کے خطرناک کوکانی گینگ کا ٹھکانہ تباہ کردیا گیا۔ پولیس کے دستوں کی پیش قدمی جاری وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ اندروں کچہ بستی غنی لاٹھانی کا کنٹرول بھی پولیس نے سنبھال لیا، ہزاروں ایکٹر علاقہ کچہ کریمینلز سے کلیئر کروا کے پولیس کیمپس قائم کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی سربراہی میں آٹھ روز قبل کچہ کریمینلز کے خلاف گرینڈ آپریشن کامیابیوں کے سفر طے کرتا ہوا جاری ہے جس میں پولیس کو بھاری جدید ہتھیاروں، پولیس فورس کی بھاری نفری، ایلیٹ ٹیمز، ہیوی بکتر بند گاڑیوں، جدید ٹیکنالوجی کی مدد حاصل ہے اتوار کے روز بھی پولیس کے دستوں نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت میں پیش قدمی جاری رکھی اور اندروں کچہ میں بستی غنی لاٹھانی میں کچہ کریمینلز کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا پولیس کے افسران و جوانوں نے جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بستی غنی لاٹھانی اور گرد ونواح کو کریمینلز سے خالی کروا کے ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر کے علاقہ کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا، اسی طرح پولیس فورس نے فریدا کوکانی کی کمین گاہ کا گھیراؤ کرلیا جس پر پولیس اور ملزمان کے درمیان میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں پولیس نے بہترین حکمت عملی کا مظاہرہ کے دوران ملزمان کی گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں، یہ ملزمان چند روز قبل جھک برادری سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان بچے کو اغواء کر چکے تھے جسے پولیس نے بازیاب کر لیا تھا مگر اس وقت ملزمان فرار ہوگئے تھے، پولیس کی کچہ میں اغواء برائے تاوان کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے کوکانی کی کمین گاہ کو تباہ کر کے نظر آتش کر دیا گیا ہے، ڈی پی او رضوان عمر گوندل ہمہ وقت آپریشن ایریا میں پولیس فورس کو لیڈ کرتے ہوئے ان کے درمیان موجود ہیں جس سے فورس کا مورال ہائی ہے، دریں اثناء آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید بھی کچہ آپریشن کے ایریا میں پہنچ کر جوانوں کی حوصلہ افزائی اور صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، ڈی پی او رضوان عمر گوندل کا کہنا ہے کہ رحیم یارخان پولیس فورس نے کچہ آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جس میں اب تک تین ڈاکو ہلاک چھ گرفتار ہوئے جبکہ پولیس نے ہزاروں ایکٹر اراضی جو کہ کچہ میں نو گو ایریا سمجھی جاتی تھی سرچ آپریشن کر کے کریمینلز سے کلیئر کروا کے اس پر پولیس کیمپ قائم کر دئیے ہیں ۔

اسی طرح راجن پور کچہ کے علاقوں میں آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان اور ڈی پی او راجن پور مہر ناصر سیال کی قیادت میں پولیس آپریشن جاری ہے ، پولیس ٹیموں نے پیش قدمی کرتے ہوئے اندرون کچہ کے علاقہ چراغ شاہ کا گھیراؤ کر لیا۔ جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے لیس پولیس کے تازہ دم دستوں کی پیش قدمی جاری ہے۔ چک چراغ شاہ میں ڈاکووں کی کمین گاہیں اہم ٹارگٹس میں شامل ہیں۔ پولیس کے جوانوں نے شدید فائرنگ کے تبادلہ کے بعد جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچی مورو اور کچہ جمال میں سکھانی گینگ کے ٹھکانے تباہ کر کے ان کی کمین گاہیں مسمار کر دی ہیں۔ کچہ جمال اور کچہ مورو کے کلیئر کروائے گئے علاقوں میں پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں ۔ چک چراغ شاہ میں فائرنگ کے تبادلے میں مزید ایک ڈاکو ہلاک کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ راجن پور پولیس کے آپریشن میں ہلاک ڈاکووں کی تعداد 4 ہوگئی ہے جبکہ ڈاکووں کے 8 سہولت کار گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button