گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب ہائی وے پٹرول نے56944شہریوں اور25701گاڑیوں کو چیک کیا۔عید الفطر کی مناسبت سے ہائی ویز پر تمام افسران و اہلکار ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کریں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی
لاہور(خبر نگار)ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راؤعبدالکریم کی زیر نگرانی پنجاب ہائی وے پٹرول شاہرات پر شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے اور پولیس ٹیموں شاہرات پر سفر کرنے والے مسافروں اور دیگر شہریوں کے تحفظ کیلئے ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب ہائی وے پٹرول نے صوبہ بھر میں 56944شہریوں اور 25701 گاڑیوں کو چیک کیااور دوران چیکنگ چوری شدہ 9موٹر سا ئیکلیں، ایک کار، ایک سوزوکی بولان برآمد کی گئیں۔اشتہاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں پی ایچ پی نے اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب20اشتہاریوں اور17عدالتی مفروران کو گرفتار کیا جن کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی راؤ عبدالکریم نے پٹرولنگ ٹیموں کو شاہرات پر پٹرولنگ کو مزید موثر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ عید کی چھٹیوں میں اضافی لوڈکے پیش نظر ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کریں اور اوورلوڈنگ و اوور سپیڈنگ کے نتیجے میں ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ صوبے کی تمام ہائی ویز پر عوام کی جان و مال کے تحفظ، حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی ہموار روانی کیلئے پی ایچ پی ہمہ وقت کوشاں رہے اور اپنے بیٹ ایریاز میں فرسٹ رسپانس فورس کے فرائض بھی تندہی سے ادا کرے۔ ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بے لوث خدمت پی ایچ پی کا نصب العین ہے جس کے تحت شاہرات پر جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور سہولت کیلئے جذبہ جہاد و خدمت کے تحت اقدامات جاری رہیں گے۔