
معصوم پرندوں کی ناجائز تجارت سمیت ناجائز قبضہ تیتر اور شکار جنگلی بٹیر پر سات افراد گرفتار، ایک لاکھ روپے جرمانہ
لاہور (خبر نگار)
سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک اور ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی ہدایت پر محکمہ کی صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری و ساری ہیں اور ایسی ہی متعددکوششوں کے نتیجے میں قائد آباد میں معصوم پرندوں کی ناجائز تجارت سمیت ضلع خوشاب میں ناجائز قبضہ تیتر اور شکار جنگلی بٹیر کرنے پر سات افراد گرفتار، ایک لاکھ روپے جرمانہ۔تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع خوشاب رانا محمد اشفاق کی سر براہی میں وائلڈ لائف سٹاف نے تحصیل قائد آباد سے معصوم پرندوں کا ناجائز کاروبار کرنے والے پانچ افراد گرفتار کرکے انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا عدالت نے پانچوں افراد کو مجموعی طور پر چالیس ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے پرندوں کو فوری طور پر جو ہر آباد وائلڈ لائف سفاری میں منتقل کرنیکا حکم صادر فرمایا جبکہ ایسی ہی ایک دوسری کارروائی کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع خوشاب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مقامی پولیس کے خصوصی تعاون سے جوہر آباد سے ناجائز قبضہ تیتر کرنے پر ایک شخص کو گرفتار کرکے اسے پچاس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا۔ مزید براں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل ہارون آباد سے ناجائز شکار جنگلی بٹیر کرنے پر ایک شخص کا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان کرکے اسے مبلغ دس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مدمیں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا۔




