لاہو ر( خبر نگار ) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیا ء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل دیانتدار قیادت اورانتخابات ہیں۔ حکومت کے پاس کوئی معاشی پالیسی نہیں صرف آئی ایم ایف سے قرض کیلئے کوشاں ہے۔نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کیمفادات کی سیاست اور بدترین معاشی پالیسیوں نے عوام کوجن حقیقی خوشیوں سے محروم کردیا ہے وہ ان شاء اللہ اسلامی نظام کے قیام کے بعد لوٹ آئیں گی۔عوام ملک و قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اہل و دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں دستک مہم کے دوران ٹودوڑ ملاقوں کے دوران مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ جمہوریت پر یقین رکھنے والی قیادت مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرتی۔ موجودہ حالات سب پارٹیاں اور سیاستدان اپنے اپنے مفادات کیلئے سیاست کررہے ہیں کسی کو ملک و قوم کے مستقبل کی فکر نہیں ان کو فکر ہے تو صرف اقتدار کی کرسی کی۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی ظالم حکمرانوں اور سیاستدانوں نے ہر محاذ پر غریب عوام کو مشکلات میں دھنسا دیا ہے۔ آٹے، گندم، چینی، چاول، گھی، دالیں، یوٹیلیٹی بلز سمیت ہر چیز پر ٹیکسوں کی بھر مار اور مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کا جینا او رمرنا مشکل بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 سالوں سے ملک و قوم پر مسلط امریکہ اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے ملک و قوم کو ڈالروں کے عوض گروی رکھا دیا ہے۔ ملک میں معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کے کہنے پر بنائی جارہی ہے،ہر ماہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں آئی ایم ایف تعین کررہی ہے۔ کٹھ پتلی حکمران غلامی کی تمام حدیں پار کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام ملک و قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اہل و دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں اور آئندہ قومی اور صوبائی انتخابات میں جماعت اسلامی کی باصلاحیت اور کرپشن سے پاک قیادت کا ساتھ دیں اور ترقی و خوشحالی کے نشان ترازو پر مہر لگائیں۔ قوم نے اگر جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتما د کیا تو انشاء اللہ مایوس نہیں کریں گے۔
Related Articles
Check Also
Close