
ادارے اکھٹے ہو جائیں تو ملک میں وسائل کی کمی کا مسئلہ نہ رہے، وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم
لاہور(خبر نگار) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور ایف سی کالج یونیورسٹی کے درمیان ریسرچ اور ڈویلپمنٹ میں تعاون کے حوالے سے جمعہ کے روز ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وی سی یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور اور ریکٹر ایف سی کالج یونیورسٹی ڈاکٹر جانتھن ایڈلٹن نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ اس طرح کے معاہدے وقت کی ضرورت ہیں۔ ریسرچ نئے علم کی بنیاد ہے جس کا فائدہ بالآخر مریضوں کو پہنچنا چاہیے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ ادارے اکھٹے ہو جائیں تو ملک میں وسائل کی کمی کا مسئلہ نہ رہے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ افراد کی طرح اداروں کے مابین شراکت داری مشترکہ اقدار کی بنیاد پر قائم ہوتی ہے۔ دونوں یونیورسٹیاں ملک کی بہترین جامعات ہیں اور دونوں تحقیق میں اپنا نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ اور مریضوں کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے۔ معاہدے کے تحت دونوں یونیورسٹیاں مالیکیولر پیتھالوجی، بائیو ٹیکنالوجی اور کلینیکل ریسرچ کے شعبوں میں مل کر کام کریں گی۔ یو ایچ ایس میں کالج آف فارمیسی کے قیام میں ایف سی کالج یونیورسٹی مدد فراہم کریگی۔ مزید برآں دونوں یونیورسٹیاں ہیلتھ پروفیشنلز کیلئے مختصر کورسز بھی تیار کریں گی۔ یو ایچ ایس کے انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں جنرل مضامین کی ٹیچنگ کیلئے ایف سی کالج یونیورسٹی کی فیکلٹی کی مدد لی جائیگی۔ ایف سی سی یو کی جانب سے ڈین پوسٹ گریجوایٹ پروفیسر کوثر عبداللہ ملک جبکہ یو ایچ ایس کی طرف سے ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی پروفیسر ثاقب محمود فوکل پرسن ہوں گے۔ تقریب میں رجسٹرار ایف سی کالج یونیورسٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر نئیر فردوس،سینٹ پیٹرز ہاسپٹل برطانیہ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیسر آئزک جون کے علاوہ یو ایچ ایس کی سینئر فیکلٹی نے شرکت کی ۔

