پروفیسر منیرالحق کاجانا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سمیت ہم سب کا ناقابل تلافی نقصان ہے ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور(خبر نگار )نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام مرحوم پروفیسر منیرالحق کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر عمران اکرم صحاف، پروفیسر نذیر آسی، پروفیسر قاضی محمد سعید، پروفیسر خلیل رانا،پروفیسر محمود علی ملک، ڈاکٹر زاہد پرویز، پروفیسر مجید چوہدری، پروفیسر محمد ہارون حامد، پروفیسر اسد اسلم، پروفیسر ممتاز حسن، پروفیسر تحسین نبی ساہی، پروفیسر سلیم اختر، پروفیسر صداقت علی خان، پروفیسر منظور ملک، پروفیسر محمد شفیق اورپروفیسر جاوید چوہدری نے شرکت کی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ہم سب ایک خاندان کی مانند ہیں۔ ہم اپنے خاندان کے ایک فرد کی تعزیت کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔پروفیسر منیرالحق نے ہمیشہ دین پر عمل کیا۔ میو ہسپتال میں چھ منزلہ آئی وارڈ کا قیام پروفیسر منیر الحق نے کروایا۔ پروفیسر منیرالحق نے بطور ایم ایس میو ہسپتال مریضوں کی بہتری کے لئے بے پناہ کام کئے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پروفیسر منیرالحق کی اولاد اور ان کے نیک کام ان کے لئے صدقہ جاریہ ہوگا۔ پروفیسر منیرالحق کاجانا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سمیت ہم سب کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ پروفیسر منیرالحق نے ہمیشہ میرٹ پر کام کیا۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزیدکہاکہ ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کے امتی ہونے پر فخر ہے۔جسٹس اکرم روڈ پر آپ کا کلینک کا نام سے مفت ہسپتال چلا رہے ہیں۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازنے کہاکہ پروفیسر منیرالحق ایک اعلیٰ پائے کے ماہر امراض چشم، انتہائی شفیق استاد اور نفیس انسان تھے۔پروفیسر منیرالحق دین اور دین والوں سے محبت کرتے تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازنے کہاکہ یہ دنیا فانی ہے اور ہمیں اپنی ابدی زندگی کی تیاری اور فکر کرنی چاہیے۔ پروفیسر منیرالحق نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت کی،ان کے شاگرد، ان کے مریض ان کے لئے صدقہ جاریہ ہیں۔ آپ کو جو طبی علوم پر عبور حاصل تھا وہ بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر محمود ایازنے کہاکہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم نے آپ کو اعلیٰ تعلیم اور بہترین طبی خدمات و کارگردگی پر گولڈ میڈل سے نوازا۔ آپ نے انسٹیٹیوٹ آف آفتھالمالوجی، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، کو اپنے دور کی آنکھوں کی جدید ترین صحت سہولیات کی فراہمی کی جس کی بدولت آج بھی لاکھوں مریض آنکھوں کے امراض سے شفا پا رہے ہیں۔
پاکستان کے کئی نامور ماہرین امراض چشم و سرجن، آپ کے شاگرد ہیں۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ انسٹیٹیوٹ آف آفتھالمالوجی کی ایک ایک دیوار پروفیسر منیرالحق کی خدمات کی گواہی دیتی ہے اور ان کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔ پروفیسر منیرالحق بہترین استاد، قابل پروفیسر دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتے۔ پروفیسر منیرالحق کی دین کے ساتھ لگن رہی آج کے تعزیتی ریفرنس کے انعقاد قابل قدر ہے جس میں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔