غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور ملک و قوم کو سیاسی انتشار کی آگ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ
لاہور (خبر نگار) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی بلز میں بے تحاشہ اضافہ عوام کیلئے ماہانہ عذاب بن چکا ہے۔ بجلی اور سوئی گیس بلوں میں حکومتی جگا ٹیکس نے عام اور غریب آدمی کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے۔ گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور گیس میٹر فیس 500 روپے ناقابل برداشت ہے۔ گیس آئے نہ آئے بل پہلے سے زیادہ آ رہے ہیں، سوئی ناردرن گیس نے بلوں میں اضافی رقم شامل کردی ہے۔حکمران ہوش کے ناخن لیں غریب عوام پہلے کی مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئی ہے اور گیس کے بلو ں کے بلو ں میں اضافہ سے غریب عوام خودکشیوں پر مجبو ر ہو جا ئینگے۔ حکومت فوری طور پر گیس کے بلوں میں اضافہ ختم کرے، ماہانہ500روپے میٹر رینٹ بھی ختم کیا جائے تاکہ مہنگائی کی ستائی عوام کو کچھ نہ کچھ ریلیف میسر ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ماہانہ یوٹیلیٹی بلز میں ظالمانہ اضافہ اور بڑھتی کمرتوڑ مہنگائی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ جلاؤؑ گیراؤ اور انتشار کی سیاست کرنے والے سیاستدان اور حکمران ملک و قوم کے خیر و خواہ نہیں ہوسکتے۔ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور ملک و قوم کو سیاسی انتشار کی
آگ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے جو قابل مذمت اور تشویشناک ہے۔