اوور بلنگ کی شکایات٫ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا نوٹس، ایس ای نارتھ سرکل اور ایکسئین بادامی باغ معطل
لاہور (خبر نگار)اوور بلنگ کی شکایات اور صارفین سے ناروا سلوک، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ای نارتھ سرکل اور ایکسئین بادامی باغ کو معطل کردیا۔
چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے ناقص کارکردگی اور صارفین سے ناروا سلوک اختیار کرنے کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے، سپرنٹنڈنٹ انجینئر نارتھ سرکل عباس علی اور ایکسئین بادامی باغ شجاعت علی کو معطل کردیا۔ لیسکو ترجمان کے مطابق نادرن سرکل میں گزشتہ دو کھلی کچہریوں کے دوران صارفین کی جانب سے ان افسران کے خلاف اووربلنگ اور ناروا سلوک اختیار کرنے کی متعدد شکایات کی گئیں تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایس ای نادرن اور ایکسئین بادامی باغ کمپنی کی جانب سے دیئے گئے ریکوری ٹارگٹس پورے کرنے میں بھی ناکام رہے۔ ان افسران کے رننگ ڈیفالٹرز، ڈیڈ ڈیفالٹرز اور ڈیفرڈ رقومات بھی طے شدہ پیرامیٹرز سے تجاوز کی ہوئی تھیں۔ دونوں افسران کو معطل کرکے ہیڈ کوارٹر اٹیچ کردیا گیا ہے جبکہ منیجر نثار سرور کو ایس ای نادرن اور زبیر سرور کو ایکسئین بادامی باغ تعینات کردیا گیا ہے۔ دریں ازاں لیسکو ایچ آر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے تین افسران کی ترقی کے نوٹیفیکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سپریٹینڈنگ انجینئر ظفر اللہ سانگی کو گریڈ 19 میں ترقی دے کر ایس ای ننکانہ کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ منیجر ایم اینڈ ٹی محمد وسیم اقبال کو گریڈ 19 میں ترقی دی گئی جبکہ ڈپٹی منیجر ریجنل ٹریننگ سینٹر محمد شعیب عاصم کو منیجر پی اینڈ ایس کے عہدے پر ترقی دے کر چیف انجینئر ڈویلپمنٹ کے دفتر میں تعینات کردیا گیا ہے۔