سٹی

پنجاب میں جنگلی حیات کے گوشت سے مزین پکوان آفر کرنیوالے ریستورانوں کی کڑی مانیٹرنگ

غیر قانونی عمل کے مرتکب ہوٹل مالکان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی ۔ محکمہ نے آگاہی کیلئے وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی

لاہور(خبرنگار( سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ نے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر قیادت صوبہ میں جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کے ضمن میں عوام کی آگاہی کیلئے ایک خصوصی وڈیو تیار کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے جسمیں جنگلی حیات کے گوشت سے مزین پکوان آفر/تیار کرنیوالے ریستوران مالکان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل سے باز رہیں وگر نہ ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔تفصیل کیمطابق محکمہ کے شعبہ نشر و اشاعت کی تیار کردہ ڈیڑھ منٹ دورانیے کی اس وڈیو میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ جنگلی جانوروں و پرندوں خصوصاََ جنگلی ہرنوں ، چڑوں، بٹیروں ، سیہڑوں اور تیتر وغیرہ کے گوشت سے مزین پکوان آفر کرنے والے ریستورانوں کی کڑی مانیٹرنگ کر رہا ہے اور اگر کہیں بھی کوئی ہوٹل،ریستوران اس غیر قانونی عمل کا مرتکب پایا گیا تو اس کی انتظامیہ اور عملے کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ مجریہ 1974 کے تحت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی جو جرمانہ ، قید یا بیک وقت دونوں سزائوں کی صورت میں بھی ہوسکتی ہے وڈیو میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹل مالکان کو چاہیے کہ وہ عوام کو ایسے پکوان ہر گز آفر نہ کریں نیز یہ امر پیش نظر رکھیں کہ آپکا یہ عمل معصوم جنگلی جانوروں و پرندوں کی نسلیں تیزی سے معدوم کرنیکا سبب بن رہا ہے۔ وڈیو میں ایسے حضرات جو جنگلی حیات کے گوشت سے مزین کھانوں ، کھابوں کے شوقین ہیں اور اس مقصد کیلئے ایسے ہوٹلوں اور ریستورانوں کا انتخاب کرتے ہیں سے بھی خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایک غیر قانونی عمل کے نتیجے میں تیار کئے گئے ان کھانوں ، کھابوں کے مینیو پر نظر ثانی کریں جو جنگلی حیات کی معدومی اور تباہی کے موجب بن رہے ہیں اور یاد رکھیں کہ ایسے پکوان تیار کرنے والے ہوٹلوں اور ریستورانوں کا بائیکاٹ ہی معصوم جنگلی حیات کی ناجائز تجارت کا راستہ مسدود کر سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button