جرم و سزاسٹی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، بیرون ملک مفرور چار مزید اشتہاری گرفتار

خطرناک اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخ کروا کر انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور

لاہور(خبر نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرورخطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس کی ٹیم متحدہ عرب امارات سے 04 مزید خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے لاہور ائیر پورٹ پہنچ گئی ہے۔ چاروں اشتہاریوں کو انٹرپول پاکستان اور انٹرپول ابو ظہبی کی معاونت سے گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 24 جنوری سے شروع کریک ڈاؤن میں 04 اشتہاریوں کے اضافے سے بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی تعداد 37 ہو گئی ہے، ان اشتہاریوں کو امریکہ، برطانیہ، خلیجی ممالک، ساؤتھ افریقہ اور یونان سمیت دیگر ممالک سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والے نئے اشتہاریوں میں گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب صوفی احمد یار، نارووال پولیس کو مطلوب منصور احمد، گجرات پولیس کو مطلوب محمد عنصر اور اشتہاری ساجد اللہ شامل ہیں۔ مجرم اشتہاری صوفی احمد یار گوجرانوالہ میں دو سال قبل مدعی مقدمہ کے بھائی کو قتل کرکے دوبئی فرار ہو گیا تھا، مجرم اشتہاری منصور احمد نے ساتھیوں کے ساتھ نارووال میں مدعی مقدمہ کے بھائی سمیت تین افراد کو قتل کیا تھا، مجرم اشتہاری ساجد اللہ نے تین سال قبل شہری کو قتل کیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے بیرون ملک دوبئی فرار ہو گیا تھا جبکہ مجرم اشتہاری محمد عنصر ساتھیوں کے ہمراہ قتل کی واردات کے بعد بیرون ملک دوبئی فرار ہو گیا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لانے والی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے سلسلے کو جاری رکھا جائے اور انٹر پول اور ایف آئی اے کے تعاون سے ریڈ نوٹس سمیت دیگر الرٹ جاری کروا کر اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سنگین مقدمات جیسا کہ قتل، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا ان خطرناک اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخ کروا کر انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور عدالتوں سے قرار واقعی سزائیں دلوانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button