صوبائی وزیر صحت نے مریضہ کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مئیو ہسپتال کی انتظامیہ کو شاباش دی
لاہور(خبر نگار) نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے مئیوہسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پرسیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نگران صوبائی وزیرصحت کے ہمراہ تھے۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے مئیوہسپتال کے سرجیکل ٹاورمیں زیرعلاج صغراں بی بی کی عیادت کی۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمودایاز،سی ای مئیوہسپتال پروفیسرہارون حامداور ایم ایس مئیوہسپتال ڈاکٹرمنیراحمدنے ڈاکٹر جاویداکرم کو مریضہ صغراں بی بی کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے آگاہ کیا۔
نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ مئیوہسپتال میں زیرعلاج صغراں بی بی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔مریضہ صغراں بی بی الحمداللہ پہلے سے بہترمحسوس کررہی ہیں۔ صغراں بی بی ساہیوال میں آٹا کی تقسیم کے دوران زخمی ہوگئی تھیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر صغراں بی بی کو مئیوہسپتال علاج کیلئے شفٹ کیاگیاتھا۔صوبائی وزیر صحت نے مریضہ کو علاج کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے مئیوہسپتال کی انتظامیہ کوشاباش دی۔