آئندہ اے ڈی پی میں ترقیاتی سکیمیں مکمل میرٹ پر شامل کریں اورترقیاتی کاموں میں کوئی سیاسی دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ بلال افضل
لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر اورصوبائی وزیر مواصلات و ایکسائز بلال افضل نے جہلم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے صوبائی وزرا کو جہلم شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، سڑکوں کی تعمیر نو، ڈسٹرکٹ پبلک سکول، سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے خریدی گئی مشینری اور دیگر کاموں بارے آگاہ کیا گیا، جس پر صوبائی وزرا نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع جہلم کی انتظامیہ کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت عوام کی خدمت اور ان کی فلاح بہبود کیلئے پر عزم ہیں اور مختصر مدت میں عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔عوام کی فلاحی سکیموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر بلال افضل نے کہا کہ ضلع جہلم میں جن علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام جاری ہے اس کو جلد مکمل کیا جائے۔ جہلم شہر میں داخلی و خارجی راستوں میں جو سڑکیں قابل مرمت یا تعمیر نو کی منتظر ہیں ان کو بھی منظوری کیلئے بھیجا جائے، انہوں نے کہا کہ آئندہ اے ڈی پی میں ترقیاتی سکیمیں مکمل میرٹ پر شامل کریں اورترقیاتی کاموں میں کوئی سیاسی دباؤ قبول نہ کیا جائے، بلال افضل نے کہا کہ عوام کی فلاح کے لیے ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہو گا، سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے صوبائی وزراء کوامن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی، صوبائی وزیر مواصلات نے ڈی پی او جہلم کی درخواست پر پولیس لائن جہلم کی تمام سڑکوں کو نئے سرے سے بنانے کی ہدایت کی۔ جس کے بعد صوبائی وزیر نے زیر تعمیر جہلم پی ڈی خان روڈ اور ڈسٹرکٹ پبلک اسکول کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے سکول کی بلڈنگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلال افضل نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر عوامی فلاح کے منصوبوں کوانتہائی تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آتی ہے اس لئے پنجاب بھر کی سڑکوں کی تعمیرو مرمت پر تیزی سے کام کرکے عوام کیلئے آسانی پیدا کی جارہی ہے۔بعد ازاں دونوں وزرا نے جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ظہرانے میں شرکت کی۔