سٹیسیاستصحت

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کا ملتان اور مظفر گڑھ کا دورہ

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر کا ملتان اور مظفر گڑھ کا دورہ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کے عمل کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے ہسپتالوں میں آئی سی یو، ڈائیلیسسز اور اور ایمرجنسی وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوردرازعلاقوں کےہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کو دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل دیکھ کر خوشی ہوئی۔ قبل ازیں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے محکمہ صحت ملتان اور مظفر گڑھ کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی سربراہی میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں 1ہزار 45خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت لے لی ہے، جلد ہی ان پر بھرتی کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے۔اربوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔مریضوں کیلئے علاج معالجے کیلئے ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ تین ماہ کے مختصر عرصے میں شعبہ صحت میں مثالی کام کیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان کے افسران کے اجلاس میں سیکریٹری محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب مہر محمد حیات لک، سی ای او ہیلتھ ملتان ڈاکٹر فیصل رضا قیصرانی، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ملتان ڈاکٹر وسیم رمزی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفرگڑھ کے افسران کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر مہر محمد اقبال، سی ای او صحت ڈاکٹر ظفر عباس، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر ضیاء الحسن اور ڈاکٹر مقبول عالم سمیت دیگر افسران اور ڈاکٹر نے شرکت کی۔
٭٭٭٭٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button