صارفین کے بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد
لاہور (خبرنگار) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کی زیر صدارت صارفین کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے لیسکو کے سینٹرل سرکل کے زیرانتظام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں کسٹمر سروسز ڈائریکٹر رائے اصغر، چیف انجینئر او اینڈ ایم طاہر میؤ کمپنی سیکرٹری اویس یاسین اور ایس ای سینٹرل سرکل رشید خان سمیت تمام سرکل ایکسئینز، ایس ڈی اوز اور ریوینیو افسران کے ساتھ ساتھ میڈیا نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سائلین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق عوام کی سہولت کے لئے پورے لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کے انعقادکا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کچہریوں کے ذریعے سے ہم عام آدمی کے مسائل سے آگاہ ہو رہے ہیں ان حالات میں صارفین کو ریلیف دینا بہت ضروری ہے۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کہا کہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں کو ئی خرچہ نہیں آتا بلکہ گورننس کو بہتر کرنے سے ریلیف مل جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس محکمہ کی بنیاد پر لوگوں کے گھروں میں روشنی مل رہی ہے اور کاروبار چل رہا ہے اگر یہ محکمہ اپنی کارکردگی کو بہتر نہیں کرے گا تو مسائل بڑھیں گے اس محکمہ کی کارکردگی کو بہتر کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔انہوں نے لیسکو افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کے لئے آپ کے دفاتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہنے چاہیے اور افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں آنے والے صارفین سے اخلاق سے پیش آئیں اور ان کو عزت دیں۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزحافظ میاں محمد نعمان نے بتایا کہ جب میں بورڈ آف ڈائریکٹر بنا توبے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑ ا لیکن اب بورڈ ممبران کی محنت کی بدولت محکمہ میں اصلاح کا بہترین طریقے سے آغاز ہو چکا ہے انہوں نے بتایا کہ چار ماہ میں 2لاکھ 47ہزار سے زائد نیو کنکشن انسٹال کر دئیے گئے ہیں، 2لاکھ 55ہزار خراب میٹرز تبدیل کئے جا چکے ہیں۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ اس محکمہ کی سروسز تمام سیاسی جماعتوں کے لوگوں کے لئے ہیں اور لوگوں کے حقوق کا خیال رکھنا تمام لیسکو افسران پر لازم ہے۔