منڈی بہاؤالدین میں سپیشل اکنامک زون کے قیام سے علاقے میں صنعتی و معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔صوبائی وزیر
لاہور(خبر نگار) صوبائی وزیر صنعت وتجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے منڈی بہاؤالدین میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے منصوبے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم نتویر نے اس امر کا اعلان ایوان صنعت وتجارت منڈی بہاؤالدین میں صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں سپیشل اکنامک زون کے قیام سے علاقے میں صنعتی و معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ منڈی بہاؤالدین، لالہ موسیٰ، کھاریاں، جہلم، گجرات، وزیر آباد اور دیگر علاقوں میں مقامی صنعت فروغ پائے گی اور نئی سرمایہ کاری آئے گی جس سے روزگار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صنعت وتجارت منڈی بہاؤالدین کو عالمی معیار کے مطابق مستحکم کیا جائے گا جس سے باسمتی چاول کی برآمد بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھیم پارک کے قیام سے معاشی و اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی۔اسی طرح ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مضبو ط بنایا جائے گا۔ منڈی بہاؤالدین انڈسٹریل اسٹیٹ کو بحال کیا جائے گا اور ڈی سی آفس میں صنعتکاروں کی سہولت کے لئے ڈیسک بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے صنعتکارو ں اور تاجروں کو اپنی غیرمتزلزل حمایت اور سازگار کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔
صوبائی وزیر ایکسائز بلال افضل، ایوان صنعت تجارت منڈی بہاؤالدین کے صدر محمد حیدر رضا نقوی، سیالکوٹ چیمبر اینڈ انڈسٹری کے گروپ لیڈر شیخ ریاض الدین، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک غفور، رحیم یار خان چیمبر کے گروپ لیڈر عبدالرؤف مختار، شیخوپورہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ منظور الحق اور صنعتکاروں اور تاجروں کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔