پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے عوام کو مایوس کیا، ان کے پاس اہلیت، صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں ہےامیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کا اجلا س سے خطاب
لاہور (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم کسی اتحادی سیاست کا حصہ نہیں بنیں گے، اپنے نام و نشان اور منشور کے ساتھ ایک متبادل کے طور پر عوام کے سامنے جائیں گے۔ہم پورے پنجاب میں اپنے امید وار کھڑے کر رہے ہیں، جن میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے۔ عوام نے اعتماد کیا تو ہم ملک و قوم کو کرپشن فری نظام دیں گے اور سودی نظام سے نجات دلائیں گے۔نوجوان جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جے آئی یوتھ کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، بشارت علی صدیقی، جبران بٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قوم کی خدمت کی ہے۔ہمارے لوگ مختلف ادوار میں منتخب ہو کر اسمبلیوں اور سینٹ میں رہے، الحمد اللہ کسی ایک فرد پر بھی اختیارات کے ناجائز استعمال اورکرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ پاکستان میں موروثیت سے پاک،ا گر کوئی جماعت ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی قوم جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کو مسترد کرے اور ایماندار، محب وطن اور سادہ لوگوں کو آگے لائے، ہم شاہی طرز حکومت کی بجائے پروٹوکول کا خاتمہ کریں گے اور سادہ حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو قوم نے متعدد بار آزما لیا، یہ لوگ صرف اپنے مفادات کی سیاست کرتے ہیں ان کا مقصد اقتدار کا حصول ہے، عوام کو درپیش مسائل اور اس کے حل کے لئے ان لوگوں کو کوئی سروکار نہیں۔ ہر انتخابات میں یہ لوگ پارٹیاں بدل کر قوم کے ساتھ جھوٹے وعدے اور دعوے کرتے ہیں اور بر سر اقتدار آکر لوٹ مار کرتے ہیں۔ ان ظالموں سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم آج جن مسائل کا شکار ہیں وہ کسی اور نے نہیں بلکہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے اپنے پیدا کر دہ ہیں۔ان لوگوں کے پاس اہلیت صلاحیت اور قابلیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔داخلی انتشار، محاذ آرائی اور معاشرتی تفریق نے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔