کنونشن میں پنجاب کی تمام پبلک اور پرائیویٹ یو نیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے علاوہ ایران اورفلسطین کے سفیروں کی بھی شرکت
لاہور ( خبرنگار ) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام پہلے انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن کا انعقاد کیا گیا ۔ مقامی ہوٹل میں ہونے والے کنونشن کی صدارت چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کی ۔افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمن اور اختتامی سیشن کےصوبائی وزیر تعلیم منصور قادر تھے ۔کنونشن میں پنجاب کی تمام پبلک اور پرائیویٹ یو نیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی بڑی تعداد کے علاوہ ایران اورفلسطین کے سفیروں نے بھی شرکت کی ۔کنونشن میں بیرون ممالک کے 1ہزار سے زائد طلبہ وطالبات بھی شریک تھے جنہوں نے اپنی اپنی ثقافتوں کو مختلف سٹالز کی صورت میں اجاگر کیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی جامعات میں بیرون ممالک سے طلبہ کی آمد کا رحجان حوصلہ افزا ہے۔پنجاب کی جامعات میں بیرونی طلبہ کو ہر قسم کا تحفظ اور سہولیات حاصل ہیں۔ طلبہ و طالبات نے اپنے ممالک کی ثقافتی سرگرمیوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔دنیا بھر میں علوم و فنون کی ترویج اور تحقیق کے فروغ کے لئے ایسی تقاریب کا انعقاد بہت ضروری ہے ۔ انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن کے انعقاد سے بیرون ممالک کے طلبہ کو پاکستانی جامعات میں تعلیم کے حصول کی ترٖغیب ملے گی اور ایک دوسرے کےکلچر سے آگاہی حاصل ہوگی ۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم پر ہے۔ جدید علوم سے آگاہی اور اس پر تحقیق سے ہی معاشرے کو درپیش چیلنجز کا احاطہ کر کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ دنیا میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آ چکا ہے۔ ہمیں وقت کی تبدیلی کے ساتھ چلنا ہوگا۔اپنے مسائل کو سمجھنا ہوگا، جدت اپنانا ہوگی۔ انہوں نے کہاہمیں متحد ہوکر ایک قوم کے طور پر کام کرنا ہوگاتاکہ ہم ملک کی بہتر انداز میں خدمت کرسکیں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ اب پاکستان ایک پرامن اور علم دوست ملک ہے ،پنجاب میں بیرون ممالک کے طلبہ کو ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہیں ریاست کامکمل تحفظ اور سر پرستی حاصل ہے ۔گورنر نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے سے پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرریوں کے لیے انٹرویوز کا آغاز ہورہا ہے ، یہ تقرریاں میرٹ پر ہونگیں۔ پنجاب میں پہلی بار جامعات میں بڑی تعداد میں پرووائس چانسلزز کا تقرر کیا گیا۔ انہوں نےکامیاب انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن کے انعقاد پر چئیرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد منیر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان اعلی تعلیم کے لیے پرامن ملک ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں دہشت گردی کے افسوس ناک واقعات کی وجہ سے بیرون ممالک کے زیرتعلیم طلبہ واپس چلے گئے تھے۔ ہم انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان آکر تعلیم حاصل کریں۔ ہماری جامعات عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن پر آرہی ہیں۔ہم اپنی جامعات میں فارنر سٹوڈنٹس کے لیے دروازے کھولنا چاہتے ہیں ۔میڈیا دنیا کو بتایا کہ پاکستان علم کے حصول کے لیے پرامن ملک ہے۔انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کی آمد سے پاکستان میں ڈالرز بھی آئیں گے۔ اس وقت پنجاب کی جامعات میں 11سو19طلبہ بیرون ممالک سے پڑھ رہے ہیں۔ہم ان کی تعداد کوبڑھانا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر شاہد منیر نے گورنر پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم اور تمام مہمانان کا شکریہ اداکیا ۔کنونشن میں افغانستان، ایران، سری لنکا، چین، سوڈان، نیپال ،صومالیہ، متحدہ عرب امارات، بحرین ،سعود ی عرب، جارڈن، فلسطین ،یمن، نائجیریا کے طلبہ وطالبات اپنے ممالک کی ثقافتی سرگرمیوں پر مشتمل پرفارمنس پیش کی ۔کنونشن میں گورنر پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم نے وائس چانسلرز ،سفیروں اور دیگر مہمانان میں شیلڈزت بھی تقسیم کیں۔گورنر نے بیرون ممالک کے طلبہ کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا دور کیا۔ قبل ازیں جدید علوم کی افادیت،بیرون ممالک کے طلبہ کے لیے ہماری جامعات میں تعلیم کے مواقع پر سیر حاصل سیشن منعقد کیا گیا جس میں ماہرین تعلیم نے مفید تجاویز دیں ۔