سٹیسیاستصحت

ویکسینز کے کردار پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

منتخب ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر

لاہور(خبر نگار) وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب کے منتخب ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وبائیں روکنے اور انسانی جانیں بچانے میں ویکسینز کے کردار پر تربیتی ورکشاپ برائے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو والدین دن کے اوقات میں ضروری ویکسین نہ لگوا سکیں وہ شام کے اوقات میں بچوں کی ضروری ویکسین بر وقت لگوائیں۔

ورکشاپ کا انعقاد پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب نے یونیسیف کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں کیا۔ ورکشاپ میں ڈائرکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائرکٹر پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر مختار احمد ، ڈائرکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر یاداللہ، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، یونیسیف کے صوبائی نمائندگان ڈاکٹر طاہر منظور اور ڈاکٹر قراۃ العین، عالمی ادارہ صحت سے ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر عمران قریشی، محکمہ تعلقات عامہ کے نمائندگان اور لاہور سے بیورو چیف اور سینئیر صحافیوں نے شرکت کی ۔ورکشاپ کا انعقاد عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات 2023 کے سلسلہ میں کیا گیا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ یہ ہفتہ دنیا بھر میں 24 سے 30 اپریل تک منایا جاتا ہے ۔تاہم آگاہی سرگرمیاں مئی میں جاری رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کا موضوع دی بگ کیچ اپ ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ موضوع کے تناظر میں عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے صوبہ بھر میں مربوط آؤٹ ریچ سرگرمی کا انعقاد کیا گیا۔
اس مہم میں ویکسین کی کوئی خوراک نہ لینے والے، وقت پر خوراک نہ لینے والے، کورونا ویکسین نہ لینے والے اور پولیو مہمات میں رہ جانے والے بچوں کو ویکسینز دی گئیں ۔
انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا
انہوں نے مزید کہا کہ اس ہفتہ کو منانے کا مقصد انسانی جانیں بچانے میں ویکسین کے غیر معمولی کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ ویکسین انسانی تاریخ میں صحت عامہ کی سب سے بڑی پیش رفت ہے

وزیر صحت نےمزید کہا کہ پنجاب میں دو سال سے کم عمر بچوں کو بارہ جان لیوا بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ہمارا تربیت یافتہ عملہ فکسڈ اور آؤٹ ریچ ٹیموں کے زریعے شہریوں تک ویکسین کی مفت فراہمی یقینی بنارہا ہے ۔
ویکسینز ہی کی مدد سے گزشتہ دو صدیوں میں ہم بہت سی وباؤں کو روک پائے ہیں۔ حالیہ تاریخ میں کورونا وبا سے لاکھوں اموات ہوئیں ۔ ویکسین کی مدد سے ہم اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔

اس موقع پر انہوں توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کو تعاون فراہم کرنے پر یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کا شکر یہ ادا کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدین سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بروقت مکمل کروائیں۔ صوبہ بھر میں حفاظتی ٹیکہ جات قریبی مراکز صحت یا علاقائی ویکسنیٹرز سے بالکل مفت لگوائے جا سکتے ہیں۔

ڈائرکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے کہا کہ بچوں کی صحت مند زندگیوں کے لئے میڈیا والدین کو آگاہی فراہم کرنے میں ہماری مدد کرے۔
ڈائرکٹر پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ منتخب ہسپتالوں کے لیبر روم میں نوزائیدہ بچوں کے لئے پیدائش کے فوری بعد کی ویکسین لگانے کے لئے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے خصوصی کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

نمائندہ یونیسیف ڈاکٹر طاہر منظور نے کہا کہ یو نیسیف کی جانب سے پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات سے مکمل تعاون جاری رہے گا۔

نمائندہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر عمران قریشی نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے دی جانے والی ویکسینز عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ اور مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Related Articles

Back to top button