لاہور(خبر نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہوربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم اور ہوٹل آئی سوفٹ ویئرکی مدد سے مشکوک افراد پر نظر رکھنے اور اشتہاری ومفرورملزمان کی گرفتاری میں خصوصی مدد ملی ہے۔اس حوالے سے عوام ذمہ دار شہری کے طور پرپولیس ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں بروقت اندراج کروائیں تاکہ ان کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے بتایاکہ یکم اپریل سے 15مئی تک 63ہزار708کرایہ داروں جبکہ1166نجی ملازمین کا اندراج پولیس ریکارڈ میں محفوظ کیاگیاہے۔اسی طرح ٹریول آئی پر9لاکھ15ہزار255 افراد، ہوٹل آئی کے ذریعے01لاکھ 08ہزار 377مقامی جبکہ 4ہزار93غیر ملکی افراد کو چیک کیا گیا۔ اس دوران سمارٹ آئی کے تحت 174 اشتہاری جبکہ 87عدالتی اشتہاری افراد بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ای پولیس پوسٹوں پر 70947سے زائد اشخاص جبکہ 8254سے زائد گاڑیاں چیک کی گئیں۔ای چیکنگ کے دوران 598جرائم پیشہ عناصر گرفتارہوئے جبکہ 104چوری شدہ گاڑیاں پکڑی گئیں۔انہوں نے کہا کہ سما رٹ آئی ایپ کے ذریعے2246ہوٹلز،گیسٹ ہاوسز،ہاسٹلز اورفیکٹریوں کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔
سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم اور ہوٹل آئی کے تحت کرایہ داروں،نجی ملازمین اور دیگر متعلقہ افراد کے پولیس ریکارڈ میں اندراج میں بہتری آئی ہے۔ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں اندراج سے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بھی مدد ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیٹ آف دی آرٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کے استعمال سے مشکوک افراد پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے محفوظ اور پر امن معاشرے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔