ایس ایم تنویر کی راولپنڈی سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز چیمبرکے دورہ کے موقع پر صنعتکاروں اور تاجروں سے گفتگو
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر صنعت وتجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اور ان کے حل کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لئے پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی بنائی گئی ہے جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے مسائل کے حل کے لئے بورڈ آف مینجمنٹ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تشکیل دیئے جارہے ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی سمال ٹریڈ اینڈ سمال انڈسٹریز چیمبر کے دورہ کے موقع پر صنعتکاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر ایکسائز بلال افضل، ڈی سی راولپنڈی حسن وقار اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے میں ایوان ہائے صنعت وتجارت کے دورے کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاری کے فروغ سے ہی قومی معیشت کو مستحکم اور بیروزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کا دارومدار سیاسی و معاشی استحکام پر ہے اس لیے اپنے باہمی اختلافات کو ختم کرکے ملک کے بہتر مستقبل کے لئے ملکر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمال انڈسٹری سے عام آدمی کا روزگار وابستہ ہے اور پنجاب کی نگران حکومت کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لئے مخلصانہ کاوشیں کررہی ہے۔