دفاعی اداروں اور قومی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
لاہور(خبر نگار) سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت کوئٹہ میں اتحاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز کا مقابلہ متحد ہوکر کریں گے۔ بلوچستان کا امن پاکستان کا امن ہے۔ دفاعی اداروں اور قومی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔سازش کے تحت عوام اور فوج کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ملک میں عدم استحکام سے ہم سب کا نقصان ہوگا۔اتحاد وقت کی ضرورت ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔بلوچستان کے قبائلی عمائدین اور رہنماؤں نے کوئٹہ میں جمع ہوکر اتحاد کا پیغام دے دیا ہے۔ حکمران بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔28مئی کو مینار پاکستان لاہور میں عظیم الشان تکبیر کانفرنس کے ذریعے ملک دشمنوں کو واضح پیغام دیں گے۔ان خیالات کا اظہار خالد مسعود سندھوصدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ،قاری محمد یعقوب شیخ، میر حضور بخش بنگلزئی صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ بلوچستان،قبائلی رہنما نواب ظفراللہ خان شاہوانی،مولانا عبدالقادر لونی امیر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی،ملک خدا بخش لانگو مرکزی رہنما بلوچستان عوامی پارٹی،میر اکرم بنگلزئی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان، فیصل ندیم نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ، اعظم چوہدری جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ،عبدالحق ہاشمی امیر جماعت اسلامی بلوچستان، مولانا عبدالواحد امیر جمعیت علمائے اسلام بلوچستان،رانا محمد اشفاق،حمیدالحسن، پروفیسر فیض اللہ خلجی،خدائے بخش کاکڑ چیئرمین پاکستان ورکرز پارٹی،عبدالہادی،عطاء اللہ کرد ممبر رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان، سردار خیر بخش عمرانی،صفی اللہ مینگل، قبائلی رہنمامیر حاجی گل شاہوانی، قبائلی رہنما میر شاہ جہان گرگناڑی، میر عارف بادینی،، احمد ندیم اعوان، مولانا نثار صدیقی، قبائلی رہنما ملک فہیم شاہوانی،سردار عظمت دمڑ،عدیل عامر، علاؤ الدین خلجی ودیگررہنماؤں نے کیا۔ امداد چوک میں عظیم الشان اتحاد کانفرنس میں کوئٹہ شہر سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان کے سبز ہلالی پرچم تھام رکھے تھے۔ رہنماؤں کے خطابات کے دوران شرکا کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ اس موقع پراسٹیج پر موجود رہنماؤں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھونے کہا کہ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے۔ ملک میں انتشار اور عدم استحکام کی وجہ نظریے سے روگردانی ہے۔پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ اس ملک کے خلاف اندرونی وبیرونی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سیاسی جماعتوں نے قوم کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے سیاسی مفادا ت کو مقدم رکھا۔ذاتی اختلافات کو ختم کرکے متحد ہوجائیں۔ پاکستان میں غربت سازش کا نتیجہ ہے۔ مضبوط پاکستان ملک دشمنوں کو برداشت نہیں۔ کرپشن کی وجہ سے اس ملک میں معاشی مسائل پیدا ہوئے۔ بیرونی قرضوں کی بجائے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائیں۔ 9مئی کے واقعات افسوس ناک ہیں۔ مضبوط فوج سے ملک مضبوط ہوتا ہے۔ عوام اور فوج کوسازش کے تحت ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش کی گئی۔پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے۔ ہم دشمنوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 28مئی کو مینار پاکستان لاہور میں عظیم الشان تکبیر کانفرنس کے ذریعے مک دشمنوں کو واضح پیغام دیں گے۔قاری محمد یعقوب شیخ چیئرمین پاکستان مرکزی مسلم لیگ علما و مشائخ ونگ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں، لیکن ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ سیاست کے میدان میں اندرونی و بیرونی چینلجز کا مقابلہ کرے گی۔ بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے اور امن قائم کرنے کے لیے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا ساتھ دیں۔ہم نفرت و انتقام کی سیاست ختم کریں گے اور ملک کو تاریکیوں سے نکالیں گے۔فیصل ندیم نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کہا کہ ہم آج جمع ہوئے ہیں کہ قوم کو ایک نیا راستہ دکھائیں۔ ہم اتحاد و اتفاق کی بات کریں۔ بلوچستان کو مختلف مسائل کی آماجگاہ بنایا گیا ہے۔ملک میں اتحاد کی اگر مضبوط آواز ہے تو وہ بلوچستان سے بلند ہوگی۔ ہم اس آواز کو بلند کرنے کے لیے کوئٹہ میں جمع ہیں۔ اتحاد کانفرنس دشمن کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔ یہاں مختلف قبائل کے لوگ موجود ہیں اور سب ایک ہی نعرہ لگا رہے ہیں، وہ اتحاد و اتفاق کا نعرہ ہے۔پاکستان کے حکمران اور مقتدر قوتیں بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں۔ اعظم چوہدری جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کہا کہ لا الہ الا اللہ تحریک پاکستان کا نعرہ ہے، اسی نعرے کی بنیاد پر مسلم لیگ کے جھنڈے تلے قوم متحد ہوئی تھی اور پاکستان حاصل کیا تھا۔ نظریہ پاکستان کو نصب العین بنایا جائے۔ سیاست دانوں نے مفادات کی سیاست کرکے اس ملک کو نقصان پہنچایا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کرے گی۔میر حضور بخش بنگلزئی صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ بلوچستان نے کہا کہ عوام ہماری طاقت ہے۔ ہم سیاست کے میدان میں خدمت کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔ عوام کی خدمت ہمارا شعار ہے۔ کرپشن نے اس صوبے کو تباہ کردیا۔ملک خدا بخش لانگو مرکزی رہنما بلوچستان عوامی پارٹی نے کہا کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں،
اس ملک میں دشمن عناصر کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ملک میں عدم استحکام سے ہم سب کا نقصان ہوگا۔اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ میر اکرم بنگلزئی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان، حمیدالحسن ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ، عبدالحق ہاشمی امیر جماعت اسلامی بلوچستان، مولانا عبدالقادر لونی امیر جمعیت علمائے اسلام نظریاتی، عطاء اللہ کرد ممبر رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان و دیگر نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے تمام قبائل اور جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔ اتحاد و اتفاق کے لیے آپ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ بلوچستان کی قیادت آپ کے ساتھ ہے۔
روایتی سیاست نے بلوچستان کو نقصان پہنچایا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جدوجہد سے ان شاء اللہ بلوچستان ترقی اور امن کے سفر پر گامزن ہوگا۔